سوشل سیکورٹی ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے حوالے سے آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد
کراچی: سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کے کلثوم بائی ولیکا اسپتال، سائیٹ کراچی میں تعینات ہونے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غیاث الدین کی جانب سے ایچ آئی وی کے حوالے سے ایک آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
اس سیشن کا مقصد ایچ آئی وی سے متعلق طبی ماہرین اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کرنا اور خاص طور پر ماں سے بچے میں ایچ آئی وی کی منتقلی (Vertical Transmission) کی روک تھام کے اقدامات کو مؤثر بنانا تھا۔ اس موقع پر معروف ماہرِ صحت پروفیسر فاطمہ میر نے “ایچ آئی وی کی عمودی منتقلی کی روک تھام” کے موضوع پر جامع اور معلوماتی لیکچر دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے قبل از پیدائش اسکریننگ، بروقت تشخیص، اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی، محفوظ زچگی کے طریقۂ کار اور نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کے اہم پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
لیکچر میں شعبہ اطفال (پیڈیاٹرکس) اور شعبہ امراضِ نسواں و زچگی (گائنی و آبسٹیٹرکس) کے ڈاکٹروں اور متعلقہ عملے نے بھرپور شرکت کی اور موضوع سے متعلق سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غیاث الدین نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ اسپتال میں جدید طبی رہنما اصولوں کے مطابق مریضوں کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس نوعیت کے علمی و تربیتی پروگرامز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ سندھ سوشل سیکورٹی میں رجسٹرڈ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو بہتر اور محفوظ طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
