مومن آباد ٹاؤن کی جانب سے انتہا پسندی و دہشتگردی کے خلاف واک کا انعقاد کیا گیا
کراچی: اقوامِ متحدہ کے اعلان کردہ “انسدادِ پُرتشدد انتہاپسندی برائے انسدادِ دہشت گردی کے عالمی دن” کے موقع پر، ڈپٹی کمشنر کراچی ویسٹ کی ہدایات کی روشنی میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن مومن آباد کے زیرِ اہتمام ایک پُروقار امن واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت ٹاؤن چیئرمین مومن آباد ملک عارف اعوان اور میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی نے کی۔ واک کا آغاز کیمپ آفس سے ہوا اور آفاق خان شہید پارک سے واپس ٹاون آفس پر اختتام پزیر ہوئی۔
امن واک میں ٹاؤن کونسل کے اراکین، بلدیاتی افسران، ملازمین، معززینِ علاقہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور الیکٹرانک، پرنٹ و سوشل میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پر امن، رواداری، قومی یکجہتی اور قانون کی بالادستی کے حق میں نعرے بلند کئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان نے کہا کہ پُرتشدد انتہاپسندی معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کرتی ہے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، لہٰذا ہمیں بطور معاشرہ نفرت اور شدت پسندی کے خلاف متحد ہو کر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مومن آبادٹاون امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور نوجوان نسل کی مثبت رہنمائی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی۔
میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے اجتماعی شعور، تعلیم، برداشت اور قانون کی عملداری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف عوامی آگاہی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ امن کے قیام اور معاشرتی استحکام کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں۔
واک کے اختتام پر ملک کی سلامتی، امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر قسم کی پُرتشدد انتہاپسندی کے خلاف متحد رہیں گے اور پاکستان کو ایک پُرامن اور مستحکم ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
