بینظیرمزدور کارڈمحنت کش طبقے کے وقار، تحفظ اور فلاح کی علامت ہے:کمشنرسیسی ہادی بخش کلہوڑو
کراچی: بینظیر مزدور کارڈ کے اجراء کے حوالے سے سندھ ایمپلائزسوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن اور نادرا کے درمیان معاہدے کی تجدید کی گئی۔ یادرہے کہ بینظیرمزدور کارڈ صوبائی وزیرمحنت سعیدغنی کا وہ منصوبہ ہے جس کے تحت محنت کش طبقے کے وقار، تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا مقصود ہے۔ مستقبل میں بینظیرمزدور کارڈغیررسمی سیکٹر کے محنت کشوں کو بھی جاری کیاجائے گا۔
کمشنرسیسی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط ریاست وہ ہوتی ہے جو اپنے کمزور طبقے کو مضبوط بناتی ہے ، بینظیرمزدور کارڈ اس سمت میں ایک سنگ میل ہے، جس طرح ہر نئی ایجاد یاڈیجیٹلائزیشن کی مخالفت کی جاتی ہے اسی رویے کی وجہ سے بینظیرمزدور کارڈ کا منصوبہ کئی سال تعطل کا شکاررہا، نادرا کے ساتھ آج کیے جانے والے معاہدے کے بعد ہم نہ صرف سندھ کے 8لاکھ سے زائد رجسٹرڈ محنت کشوں کو بینظیرمزدور کارڈ جلداز جلد جاری کرسکیں گے بلکہ اس معاہدے کے نتیجے میں سیسی کے اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں آنے والے محنت کش اور ان کے لواحقین کی نادرا کے ذریعے نہ صرف تصدیق کی جا سکے گی بلکہ HIMSسسٹم کے ذریعے ان کو طبی سہولیات کی فراہمی آسان ہوجائیگی۔
صوبائی وزیرمحنت سعید غنی کی رہنمائی و ہدایت کی روشنی میں سندھ ایمپلائزسوشل سیکورٹی کو تیزی کے ساتھ ڈیجیٹلائزڈ کیاجارہاہے جس میں سیسی ملازمین کی بائیومیٹرک حاضری،HIMS سسٹم کے ذریعے محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد کیاجارہاہے۔ ڈاکٹرسعادت میمن ، فوکل پرسن بینظیرمزدور کارڈ نے اجلاس کے شرکاء کو بینظیر مزدور کارڈ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر نادرا کراچی، عامر علی خان نےکہا کہ معاہدے کی تجدید کے بعد بینظیرمزدور کارڈ کے اجراء میں جن مشکلات کا سامنا تھا وہ نہ صرف دور ہوجائیں گی بلکہ پروجیکٹ جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ اس موقع پر پروجیکٹ منیجرہیڈکوارٹر اسلام آباد ماجدرضوی نے اجلاس کے شرکاء کو بینظیرمزدور کارڈ کے حوالے سے نہایت جامع ، واضح اور منصوبے کے تمام پہلوؤں کی انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں بریفنگ دی۔جس میں انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد کارڈ کا اجراء ہوچکا تھاموجودہ معاہدے کے بعد 54ہزار محنت کشوں کو بینظیرمزدور کارڈ جاری کردیئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں سوشل سیکورٹی کے تمام ڈائریکٹوریٹس سے بینظیر مزدور کارڈ جاری کیےجاتے ہیں، مستقبل میں اس عمل کو مزید تیز کیاجائے گا۔
ممبرگورننگ باڈی محمدخان ابڑو نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بینظیرمزدور کارڈ کا منصوبہ صوبائی وزیرمحنت سعیدغنی کا آئیڈیاتھا جس کاآغاز2022 ء میں کیا گیا تھا بعد ازاں یہ منصوبہ تعطل کا شکار رہا۔ سعید غنی کے دوبارہ وزیرمحنت بننے کے بعد ایک بار پھر اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ یہ منصوبہ دراصل شہیدمحترمہ بینظیربھٹو کے اس خواب کی تعبیر ہے جس میں وہ ایک ایسے پاکستان کی خواہ تھیں جہاں مزدور کو ان کا حق عزت اور سماجی تحفظ حاصل ہو۔
اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر نادرا کراچی ،عامر علی خان، پروگرام منیجرہیڈکوارٹراسلام آبادجنیدجاوید، پروجیکٹ منیجرہیڈکوارٹر اسلام آباد ماجدرضوی، پروجیکٹ کوآرڈینیٹرمعین علی شاہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو، وائس کمشنر سکندربلوچ، میڈیکل ایڈوائزرڈاکٹرکامران اعوان، فوکل پرسن نادرا پروجیکٹ ڈاکٹرسعاد ت میمن، ممبران گورننگ باڈی سیسی محمدخان ابڑو، عبدالواحدشورو، مختارحسین اعوان اور دانش خان کے علاوہ ڈائریکٹرکنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ ڈاکٹرغلام دستگیر، ڈائریکٹرپبلک ریلیشنزوسیم جمال، ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن وکیل الدین کمال شاہ، ڈائریکٹرپروکیورمنٹ ڈاکٹراکرم شیخ، ڈائریکٹرایڈمن میڈیکل ڈاکٹردانش، ڈائریکٹرفنانس اسدعابدی، ڈائریکٹرآڈٹ محمدطاہر کے علاوہ ہیڈآفس کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈائریکٹرپبلک ریلیشنز وسیم جمال نے انجام دیے۔ پروگرام کے اختتام پر کمشنرسیسی نے نادرا کے وفد کوسوشل سیکورٹی کی یادگاری شیلڈز اور اجر ک کے تحائف پیش کیے۔ جبکہ یجنل ڈائریکٹر نادرا کراچی عامر علی خان نے کمشنر ہادی بخش کلہوڑو، وائس کمشنر سکندربلوچ، میڈیکل ایڈوائزرڈاکٹرکامران اعوان، فوکل پرسن نادرا ڈاکٹرسعادت میمن اور ممبرگورننگ باڈی محمدخان ابڑو کو نادرا کی جانب سے شیلڈز اور سونیئر پیش کیے۔
