سفینہ گلبرگ فاؤنٹین کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا
کراچی: گلبرگ ٹاؤن کی منتخب بلدیاتی قیادت کی جانب سے علاقے کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں اضافے کے لیے ایک اور اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔ امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج نے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کے ہمراہ سفینہ گلبرگ فاؤنٹین کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں جماعت اسلامی کے مقامی عہدیداران، ٹاؤن افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبے منتخب بلدیاتی قیادت کی سنجیدہ کوششوں کا عملی ثبوت ہیں، جو عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔جو کہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا ویژن کہ ہم اختیارات سے بڑھ کے کام کریں گے جو کہ ہمارے منتخب بلدیاتی نمائندے کر رہے ہیں اور عوام کے درمیان موجود ہیں چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن کو ایک خوبصورت، صاف اور عوام دوست ٹاؤن بنانا ان کی اولین ترجیح ہے، اور سفینہ گلبرگ فاؤنٹین جیسے منصوبے شہری ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انفرانسٹکچر کی بحالی کے بعد اب سڑکوں کی تعمیر اور مینومنٹ کے ذریعے ٹاؤن کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے جس میں ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف اور ان کی ٹیم کی انتہک محنت شامل ہے اور گلبرگ ٹاؤن ماہ رمضان سے قبل بھی گلبرگ ٹاؤن کی عوام کو مزید پارکوں کا تحفہ دے گا۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں نے فاؤنٹین کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بلدیاتی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے عوامی مفاد کے منصوبے جاری رہیں گے۔
