کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے: منصوراحمد شیخ
کراچی: چیئرمین صدرٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہاہے کہ5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر ہم سب کے لیے ایک نہایت اہم اور جذباتی دن ہے۔ اس دن ہم پوری پاکستانی قوم کے ساتھ مل کر اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو کئی دہائیوں سے ظلم، جبر اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حق، یعنی حقِ خود ارادیت کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔ پاکستان کی قوم ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ انسانی حقوق کا سنگین مسئلہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم پرامن اور قانونی طریقوں سے کشمیری عوام کی آواز پوری دنیا تک پہنچاتے رہیں۔اللہ تعالیٰ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مدد فرمائے اور انہیں جلد از جلد آزادی اور امن نصیب فرمائے۔
