چیئرمین گڈاپ ٹاؤن کی خصوصی ہدایت پر شبِ برات کے حوالے سے تیاریاں جاری
ڪراچي: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ، وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو اور میونسپل کمشنر محمد نواز مہر کی خصوصی ہدایات پر شبِ برات کے موقع پر گڈاپ ٹاؤن کے مختلف قبرستانوں اور مساجد میں صفائی ستھرائی، جھاڑیوں کی کٹائی اور چونا چھڑکاؤ کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
شبِ برات کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد قبرستانوں میں اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی اور مساجد میں عبادات کے لیے آتی ہے، جس کے پیشِ نظر گڈاپ ٹاؤن انتظامیہ نے قبرستانوں میں صفائی ستھرائی، جنگل کٹنگ اور جھاڑیوں کی کٹائی کا عمل تیز کر دیا ہے تاکہ مرحومین کی قبروں تک رسائی آسان بنائی جا سکے اور مجموعی ماحول صاف، محفوظ اور خوشگوار رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کچرا اٹھانے، نکاسیٔ آب اور عمومی صفائی کے اقدامات بھی یقینی بنائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ شبِ برات ایک مقدس اور بابرکت رات ہے، اس لیے قبرستانوں اور مساجد میں آنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ قبرستانوں میں جنگل کٹنگ اور صفائی کے تمام کام بروقت مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام اطمینان کے ساتھ اپنے مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کر سکیں۔
میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے کہا کہ شبِ برات کے پیشِ نظر ڈائریکٹر سینیٹیشن اشرف بلوچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد افضل لغاری کی سربراہی میں سینیٹیشن عملے اور متعلقہ مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ قبرستانوں کے ساتھ ساتھ مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں صفائی ستھرائی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عملے کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قبرستانوں اور مساجد میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شبِ برات کے موقع پر مجموعی ماحول صاف، محفوظ اور پُرسکون رہے۔
اس موقع پر انچارج سینیٹیشن علی پلیجو اور شانی پرویز بھی موجود تھے۔
