میئرکراچی کا چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کے ہمراہ حب ریزروائر کا دورہ

میئرکراچی کا چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کے ہمراہ حب ریزروائر کا دورہ

کراچی: میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے حب ریزروائر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں حب ریزروائر کی بحالی اور کراچی کو پانی کی فراہمی میں اضافے کے منصوبے کو ایک تاریخی اور عوامی فلاح کا بڑا اقدام قرار دیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ یہ وہ منصوبہ ہے جسے گزشتہ چالیس برسوں تک مسلسل نظر انداز کیا گیا، جس کے نتیجے میں منگھوپیر، اورنگی، مومن آباد اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو شدید پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔

چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ آج میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں ان دیرینہ مسائل کو عملی طور پر حل کیا جا رہا ہے اور ان کا خود موقع پر موجود ہو کر کاموں کی نگرانی کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی محض دعووں پر نہیں بلکہ عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حب ریزروائر کی مجموعی 15 ایم جی ڈی گنجائش میں شامل ساڑھے سات، ساڑھے سات ایم جی ڈی کے دونوں ٹینک گزشتہ کئی دہائیوں سے مٹی اور گدلے پن کے باعث اپنی اصل صلاحیت کھو چکے تھے، جس کا براہِ راست اثر کراچی کے مغربی علاقوں بالخصوص منگھوپیر ٹاؤن پر پڑ رہا تھا۔

حاجی نواز علی بروہی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک سے قبل ان ریزروائرز کی مکمل صفائی اور بحالی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا تاکہ عوام کو پانی کی بہتر، مستقل اور باوقار فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے مومن آباد، اورنگی، منگھوپیر، بلدیہ ٹاؤن، ماڑی پور اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کئی علاقوں کے مکین براہِ راست مستفید ہوں گے اور برسوں بعد عوام کو پانی کے مسئلے سے حقیقی ریلیف ملے گا۔

انہوں نے ماضی کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر بنانے کے دعوے تو بہت کیے گئے، مگر ایسے بنیادی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی طرف کسی نے توجہ نہیں دی، جبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت بلا تفریق خدمت کے وژن کے تحت ان علاقوں میں بھی کام کر رہی ہے جہاں ماضی میں کبھی ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔

اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حب ریزروائر اور حب کینال کی بحالی کراچی کے لیے ناگزیر تھی اور اس منصوبے کو طویل عرصے تک نظر انداز کرنا شہر کے ساتھ ناانصافی کے مترادف تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت کا مقصد پانی جیسے بنیادی مسئلے پر سیاست کرنا نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

میئر کراچی نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اور بلدیاتی ادارے باہمی اشتراک سے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں اور حب ریزروائر کی بحالی اس عزم کی ایک واضح مثال ہے، جس کے مثبت نتائج بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں