مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن کا مختلف علاقوں کا دورہ، بارش سے قبل بلدیاتی تیاریوں کا جائزہ
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کے مونسپل کمشنر منور حسین ملا ح نے متوقع مون سون بارشوں سے قبل ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بلدیاتی سہولیات و انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی اقدامات کا معائنہ کیا اور مجموعی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دورے کے موقع پر ایڈیشنل سینیٹیشن ڈائریکٹر مشتاق خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے مونسپل کمشنر کو جاری انتظامات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔م
ونسپل کمشنر منور حسین ملا ح نے اس موقع پر کہا کہ بارشوں کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانی سے بچانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ شاول، ٹریکٹر ٹرالیاں اور جمع شدہ پانی کی فوری نکاسی کے لیے جنریٹرز پمپ بھی تیار رکھے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نالوں کی صفائی، گلیوں اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے بچاؤ کے لیے فیلڈ اسٹاف کو الرٹ رکھا گیا ہے اور کسی بھی شکایت پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے گا۔
مونسپل کمشنر خود بارش کے دوران سڑکوں پر موجود رہے اور مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کرتے رہے، جس کے باعث صورتحال قابو میں رہی اور شہریوں کو کسی بڑے مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرنے کے بعد مونسپل کمشنر منور حسین ملا دفتر روانہ ہو گئے۔
