ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید نے کورنگی ٹاؤن میں کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کردیا
کراچی: ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید اور نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کورنگی و چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے سندھ حکومت کی جانب سے مسیحی برادری کے لیے تعمیر کیے گئے جدید کمیونٹی سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں مسیحی برادری کے معززین، مقامی رہنماؤں، ٹاؤن و یوسی نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود، سماجی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سینٹر مسیحی برادری کے لیے تعلیمی، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کا مرکز ثابت ہوگا۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی زندگیوں میں بہتری کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کورنگی ٹاؤن میں اقلیتی برادریوں کے مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے گا۔
شرکاء نے سندھ حکومت اور مقامی قیادت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے بین المذاہب ہم آہنگی اور مساوات کی عملی مثال قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی اور کمیونٹی سینٹر کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔
