میئر کراچی کی شہید فائر فائٹر فرقان کے ورثاء سے ملاقات،ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب گل پلازا میں ریسکیو آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان کے گھر پہنچ گئے۔
میئر کراچی نے شہید فرقان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے شہید فائر فائٹر فرقان کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے کی مالی معاونت کا اعلان۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہید فرقان نے بہادری، دلیری اور فرض شناسی کے ساتھ ریسکیو آپریشن انجام دے کر قومی خدمت کی نئی مثال قائم کی۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہید فرقان کی بیوہ کو ملازمت فراہم کرے گی جبکہ بچے کے تمام تعلیمی اخراجات بھی برداشت کیے جائیں گے۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہید فرقان کی لازوال خدمات کے اعتراف میں ناظم آباد فائر اسٹیشن کا نام شہید فرقان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ ریٹائرمنٹ سے متعلق تمام مالی فوائد اور تنخواہیں شہید فرقان کی بیوہ کو باقاعدگی سے ملتی رہیں گی۔بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے بہادر فائر فائٹرز کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔
میئر کراچی کے ہمراہ میونسپل کمشنر کراچی سید محمد افضل زیدی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
