چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا کلک کے تعاون سے زیرِ تعمیر ٹاؤن آفس عمارت کا معائنہ
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے کلک (CLICK) کے تعاون سے تعمیر ہونے والی ٹاؤن آفس عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عمارت کے مختلف حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے جاری تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر بریفنگ حاصل کی۔
معائنے کے دوران چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کے ہمراہ وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، سینیئر ڈائریکٹر ایڈمن نیو کراچی ٹاؤن شمونہ صدف، انجینئر فیصل صغیر بھی موجود تھے۔ متعلقہ افسران نے چیئرمین کو تعمیراتی مراحل اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن آفس عمارت عوامی خدمات کے بہتر انتظام کے لیے نہایت اہم منصوبہ ہے، اس لیے اس کی تکمیل میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دفاتر کی تعمیر میں محکموں کی عملی ضروریات کو مدِنظر رکھا جانا چاہیے تاکہ ملازمین اور سائلین دونوں کو سہولت میسر آ سکے۔
چیئرمین محمد یوسف نے متعلقہ ادارے کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار کے ساتھ ساتھ منصوبے کی رفتار پر بھی خصوصی توجہ دی جائے، تاکہ عمارت جلد از جلد فعال ہو سکے۔
سینیئر ڈائریکٹر ایڈمن شمونہ صدف نے اس موقع پر کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کی کوشش ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے شفاف انداز میں اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون سے اس عمارت کو جلد مکمل کر کے ٹاؤن کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
