گڈاپ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے ایم سی سے مختلف کونسل ممبران نے ملاقات
کراچی: گڈاپ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے میونسپل کمشنر محمد نواز مہر سے مختلف کونسل ممبران نے ملاقات کی، جس میں گڈاپ ٹاؤن میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کونسل ممبر محمد رفیق جوکھیو، ممبر عیسیٰ بلوچ اور ممبر عاشق مسیح نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں، عوامی مسائل اور بنیادی بلدیاتی سہولیات سے متعلق امور پر روشنی ڈالی۔کونسل ممبران نے بالخصوص سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسیٔ آب، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری پر زور دیا۔
کونسل ممبران نے میونسپل کمشنر کو آگاہ کیا کہ عوام کی دیرینہ ضروریات کے پیشِ نظر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور کام کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ترقیاتی اسکیمیں شفافیت، میرٹ اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کی جائیں۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے کونسل ممبران کی تجاویز اور نشاندہی کردہ مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ ٹاؤن کی مجموعی ترقی اور عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے منتخب نمائندوں کے ساتھ باہمی تعاون اور مشاورت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے اپنے پیغام میں کہا کہ گڈاپ ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی بروقت اور معیاری فراہمی ہے۔ٹاؤن انتظامیہ اور منتخب نمائندے مل کر پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور اور عوامی خدمت کے وژن کے تحت علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور عوامی مشاورت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گڈاپ ٹاؤن کو ایک بہتر، منظم اور مثالی ٹاؤن بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے۔
