پیپلز لیبر یونین ڈسٹرکٹ کورنگی کے وفد کی چیئرمین کورنگی ٹاؤن سے اہم ملاقات
کراچی: پیپلز لیبر یونین ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر عدنان حبیب صدیقی کی قیادت میں ایک وفد نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (TMC) کورنگی کے چیئرمین محمد نعیم شیخ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
وفد میں پیپلز لیبر یونین کورنگی ٹاؤن کے صدر احمر علی خان اور جنرل سیکرٹری عبدالرشید شامل تھے۔ ملاقات میں کورنگی ٹاؤن کے ملازمین کو درپیش دیرینہ مسائل، خصوصاً ترقیوں (پروموشن) میں تاخیر اور سروس اسٹرکچر کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ملازمین کی کارکردگی، سینیارٹی اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیوں کے عمل کو شفاف اور بروقت بنایا جائے، جس کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC) کا فوری قیام ناگزیر ہے۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے پیپلز لیبر یونین کے تحفظات اور تجاویز کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے موقع پر ہی ڈی پی سی کمیٹی کے قیام کے لیے فوری احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ پروموشن کے تمام معاملات کو قواعد و ضوابط کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو اور ادارے کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے۔
چیئرمین محمد نعیم شیخ کا کہنا تھا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے ملازمین ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے جائز حقوق کی فراہمی اور ترقی کے مواقع یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”
اس فیصلے پر پیپلز لیبر یونین ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر عدنان حبیب صدیقی نے چیئرمین کورنگی ٹاؤن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پی سی کمیٹی کا قیام ملازمین کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے، جس سے نہ صرف ملازمین کے مسائل حل ہوں گے بلکہ ادارے میں نظم و ضبط اور کارکردگی کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی مزدور دوست فیصلے اسی جذبے کے تحت کیے جاتے رہیں گے۔
ملاقات کے موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی شجاعت حسین، ڈائریکٹر ایڈمن آصف احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن رحمت اقبال اور اکاؤنٹس آفیسر شاہ زیب و دیگر بھی موجود تھے، جنہوں نے چیئرمین کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
