چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے کلک کے تعاون سے جاری سڑک کی تعمیر کا تفصیلی دورہ کیا
کراچی: چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے یونین کونسل ۱ مائی گاڑی میں کلک کے تعاون سے جاری سڑک کی تعمیر کا تفصیلی اور جامع دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد علاقے میں جاری سڑک کی تعمیراتی سرگرمیوں اور کام کے معیار کا جائزہ لینا، نیز عوام کو درپیش دیرینہ مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانا تھا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر منگھوپیر ٹاؤن احمد یار، وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف متعلقہ محکموں کے افسران، انجینئرز اور دیگر پارٹی نمائندگان بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے مائی گاڑی میں زیرِ تعمیر سڑک کے ہر مرحلے کا نہایت باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے سڑک کی بنیاد، لیولنگ، کارپیٹنگ اور استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کی کوالٹی کو خود جانچا اور متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی۔ حاجی نواز علی بروہی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، کیونکہ ناقص کام عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
چیئرمین کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مائی گاڑی کے علاقے میں تقریباً دو کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کا بڑا حصہ ماشاءاللہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی ماندہ کام تیزی سے جاری ہے۔ انشاءاللہ چند ہی دنوں میں سڑک کی تعمیر مکمل کر کے اسے باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف علاقے کے مکینوں کو آمد و رفت میں نمایاں سہولت حاصل ہو گی بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا اور گرد و غبار و ٹریفک کے مسائل میں واضح کمی آئے گی۔
حاجی نواز علی بروہی نے موقع پر موجود افسران اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار کو اولین ترجیح دی جائے اور کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہ کر تمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوامی وسائل کا درست، شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے اس موقع پر کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی مجموعی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وہ دن رات کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں، سیوریج، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر معیارِ زندگی فراہم کیا جا سکے۔
دورے کے اختتام پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے علاقے کے مختلف حصوں کا مزید معائنہ بھی کیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے اور تمام افسران فیلڈ میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں بلا تفریق ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور عوام کے اعتماد پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
