ایگزیکٹو انجینئر ہارون شکیل روڈ حادثےمیں جانبحق، چیئرمین جناح ٹاؤن و ایم سی کا اظہار تعزیت
کراچی: جناح ٹاؤن کے محکمہ ایم اینڈ ای کے ایگزیکٹو انجینئر ہارون شکیل گزشتہ شب ایک افسوسناک کار حادثے میں انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی خبر سے جناح ٹاؤن کے افسران و ملازمین میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
اس سانحہ پر چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع، وائس چیئرمین حامد نواز خان اور میونسپل کمشنر رئیس الٰہی بخش بنبھن نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہارون شکیل ایک ذمہ دار، محنتی اور دیانتدار افسر تھے جنہوں نے محکمہ ایم اینڈ ای میں دورانِ سروس اپنی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ ان کی محکمانہ کارکردگی، نظم و ضبط اور فرض شناسی قابلِ تحسین رہی۔ ٹاؤن انتظامیہ کے سربراہان نے کہا کہ مرحوم کا انتقال نہ صرف محکمہ ایم اینڈ ای بلکہ جناح ٹاؤن کے لیے بھی ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔
انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں اپنی رحمتِ خاص میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبرِ جمیل کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے (آمین)۔
