کمشنرسیسی کی زیر صدارت اجلاس،محنت کشوں کی رجسٹریشن مزید بڑھانے پر زور
کراچی: سندھ ایمپلائزسوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) ہیڈآفس میں ادارے کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وائس کمشنر سکندربلوچ ، ڈائریکٹر کنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ ڈاکٹر غلام دستگیر، ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم جمال، ڈائریکٹر آئی ٹی حامد علی اور سیسی کے صوبے میں تمام فیلڈ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
کمشنر سیسی نے فیلڈ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام تجارتی اداروں کے آجران کو سوشل سیکورٹی اسکیم کے فوائد سے آگاہ کریں تا کہ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو اس اسکیم کے فوائد براہ راست حاصل ہوں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اسکیم میں صنعتی و تجارتی اداروں اور محنت کشوں کی رجسٹریشن کو بڑھانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں۔
کمشنر سیسی نے کنٹری بیوشن کی وصولی اورمحنت کشوں کی رجسٹریشن کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام رجسٹرڈ صنعتی و تجارتی اداروں کا ماہانہ سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کیا جائے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ماہانہ سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن ٹارگٹ کو پورا کریں۔ کمشنر سیسی نے تمام فیلڈ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ بند تجارتی اداروں کی تصدیق کے عمل کو تیز کیاجائے اور اس سلسلے میں جلد رپورٹ ہیڈآفس میں جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سیکورٹی اسکیم صوبے کے تحفظ یافتہ محنت کشوں کی فلاح کی سب سے بڑی اسکیم ہے اور یہ ایک بہترین ذمہ داری ہے جس کو نیک نیتی سے قانون کے دائرے میں پورا کریں۔ کمشنر سیسی نے بینظیرمزدور کارڈ تمام محنت کشوں کو جلد از جلد جاری کرنے کے عمل کو مکمل کرنے پر زور دیا۔
