نیو کراچی ٹاؤن چیئرمین کا سیکٹر 11-D نیو کراچی کا دورہ
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا سیکٹر 11-D کادورہ ۔ علاقے میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کے جاری کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر یونین کمیٹی کے چیئرمین غضنفر علی خان، وائس چیئرمین عمران شفیق اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج لائنوں کی خراب حالت کے باعث مزکورہ علاقے میں گندے پانی کے جوہڑ بنے ہوئے تھے اور سیوریج کا گندا پانی گھروں میں داخل ہونے سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا تھا جبکہ گلیوں اور محلوں میں پھیلی گندگی اور تعفن نے حالات کو مزید ابتر بنا دیا تھا۔ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ نے فوری طور پر اپنے وسائل سے بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے کام کا آغاز کیا تاکہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سیوریج کے نظام کو بہتر کرنا دراصل واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ذمہ داری ہے، تاہم بدقسمتی سے متعلقہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام نظر آ رہا ہے۔عوام جب بنیادی مسائل اورمشکلات کا شکار ہو کر ہمارے پاس آتے ہیں تو عوامی نمائندے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کرتے ہیں اورعلاقے میں موجود مسائل کو حل کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔ یہ ادارہ فنڈز کی کمی کا جواز پیش کرتا ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ اس غفلت کا خمیازہ براہِ راست عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ادارے کی نگرانی کریں، اس کی اصلاح کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
علاقہ مکینوں نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے بروقت اقدامات اور ذاتی دلچسپی لینے پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی عوامی مسائل اسی جذبے اور سنجیدگی سے حل کیے جاتے رہیں گے۔
