لیاقت آباد ٹائون کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں کی شاندارافتتاحی تقریب کا انعقاد
کراچی: امیر جماعتِ اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے چیئرمین لیاقت آباد ٹائون فراز حسیب کے ہمراہ باضابطہ طور پر کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ٹائون میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے ایک اہم اور خوش آئند اقدام کے تحت مختلف کھیلوں پر مشتمل اسپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ ہم اپنے ٹاؤن کو ڈیفنس، پیرس اور لندن بنانے کی بات کرتے ہیں، لیکن اصل کارنامہ یہ ہے کہ چیئرمین فراز حسیب نے اندھیرے میں ڈوبتے ہوئے لیاقت آباد کو شعور کی روشنی دی۔ یہ فراز حسیب اور جماعتِ اسلامی کی اجتماعی کاوش کا نتیجہ ہے کہ آج ویران کھیل کے میدان آباد ہو رہے ہیں۔ ہم لیاقت آباد کو لیاقت آبادبنائیں گے جواس کی اصل پہچان ہے، وہ شعور جو سست پڑ گیا تھا اسے واپس لائیں گے۔ ان شائاللہ ان میدانوں سے مستقبل کے شاہد آفریدی اور ارشد ندیم نکلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چار روزہ اسپورٹس سرگرمیاں لیاقت آباد کا مثبت تاثر اجاگر کریں گی۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے بہت کم وقت میں اس پروگرام کا انعقاد کیا، تمام شرکائ خصوصاً خواتین کا شکر گزار ہوں جو اپنی مصروفیات چھوڑ کر یہاں آئیں۔ ہمارا مقصد لیاقت آباد کی وہ شناخت بحال کرنا ہے جو کبھی امن، محبت اور کھیلوں سے جڑی ہوئی تھی۔ یہ لیاقت آباد کا پہلا پروگرام ہے جو پورے ٹاؤن کی سطح پر منعقد کیا جا رہا ہے اور یہ آخری نہیں، بلکہ ایک تسلسل کی شروعات ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے سے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھا جا سکتا ہے۔ یہ اسپورٹس پروگرام 24 تاریخ سے 27 تاریخ تک پورے لیاقت آباد ٹاؤن میں جاری رہے گا، جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وائس چیئرمین اسحاق تیموری،یوسی چیئر مینز،وائس یوسی چیئر مینز، کوآرڈینیٹر صغیر احمد انصاری، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی اور دیگر افسران و معززین بھی موجود تھے۔
