جناح ٹاؤن میں سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے یونٹی واک کا انعقاد

جناح ٹاؤن میں سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے یونٹی واک کا انعقاد

کراچی: جناح ٹاؤن میں مختلف کمیونیٹیز کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے یونٹی واک کا انعقاد کیا گیا۔

واک میں چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،جبکہ یوسی چیئرمین جنید مکاتی، کونسلرز، معززینِ علاقہ، مختلف کمیونیٹیز کے نمائندگان، ڈائریکٹر ایجوکیشن زاہد بن خلیل، ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم فاروقی، جناح ٹاؤن کے اساتذہ اور اسکولوں کے سینکڑوں طلباء نے بھرپور شرکت کی۔

واک جوہر پارک متصل یوسی آفس یوسی 8 سے شروع ہوکر ٹبہ سرکل، ٹیپو سلطان روڈ سگنل سے ہوتی ہوئی دوبارہ جوہر پارک پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے دوران نظم و ضبط اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے والینٹیرز اور ٹریفک پولیس کے اہلکار فرائض انجام دیتے رہے۔

تقریب کے موقع پر جوہر پارک میں تائیکوانڈو کے طلباء نے جسمانی فٹنس، نظم و ضبط اور خود اعتمادی کے فروغ کے لیے تائیکوانڈو کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔

اس موقع پر ایک معروف طبلہ آرٹسٹ نے طبلہ بجا کر فنِ موسیقی کا خوبصورت مظاہرہ بھی پیش کیا جس سے تقریب کی فضا مزید خوشگوار اور ثقافتی رنگوں سے بھرپور ہو گئی۔ اختتام پر شرکاء کے لیے حلوہ پوری کے ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

مہمانِ خصوصی چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونٹی واک جیسے اقدامات معاشرے میں برداشت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیتے ہیں، جبکہ طلباء کی اس طرح کی سرگرمیوں میں شمولیت انہیں مثبت، صحت مند اور ذمہ دار شہری بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں