تبلیغی اجتماع کے پیشِ نظر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی ہدایت پر اسپرے مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

تبلیغی اجتماع کے پیشِ نظر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی ہدایت پر اسپرے مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

کراچی: کراچی میں منعقد ہونے والے آئندہ عظیم الشان تبلیغی اجتماع کے پیشِ نظر منگھوپیر ٹاؤن میں صحتِ عامہ اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی ہدایات پر جامع، منظم  اسپرے مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس خصوصی مہم کے تحت نہ صرف مرکزی اجتماع گاہ بلکہ اجتماع گاہ سے ملحقہ تمام رہائشی علاقوں، گلی محلوں، مرکزی و ذیلی سڑکوں، خالی پلاٹس، نالوں، پارکوں اور دیگر حساس مقامات میں جدید مشینری کے ذریعے اسپرے کیا جا رہا ہے تاکہ مچھروں، مکھیوں اور جراثیم کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے اسپرے مہم اور انتظامی اقدامات کا خود موقع پر موجود رہ کر تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اجتماع سے قبل اور اجتماع کے دوران اسپرے مہم بلا تعطل جاری رکھی جائے۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا اجتماع شہرِ کراچی کا ایک بڑا اور اہم اجتماع ہے، جس میں ہزاروں نہیں لاکھوں  افراد کی شرکت متوقع ہے، اسی لیے ٹاؤن انتظامیہ نے کسی بھی قسم کی کوتاہی سے بچنے کے لیے تمام انتظامات پہلے ہی مکمل کر لیے ہیں۔

حاجی نواز علی بروہی نے واضح کیا کہ صفائی ستھرائی، انسدادِ وبائی امراض، نکاسیٔ آب، روشنی، پینے کے صاف پانی، سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ سمیت تمام بنیادی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ دن رات متحرک ہے اور مختلف شعبہ جات پر مشتمل ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ اجتماع کے شرکاء اور مقامی شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی یا تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ اجتماع کے دوران ہر انتظام مثالی ہوگا۔

چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے مزید بتایا کہ اسپرے مہم کا بنیادی مقصد ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض سے بچاؤ ہے، خاص طور پر موسم اور عوام کے بڑے اجتماع کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس مہم کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع گاہ کے اردگرد کے تمام علاقوں میں خصوصی اسپرے ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو مرحلہ وار مکمل کوریج کو یقینی بنا رہی ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں اس مہم کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اس موقع پر وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف،میونسپل کمشنر احمد یار،  یونین کونسل ۱ کے کونسلر جاوید بروہی اور دیگر منتخب نمائندگان و افسران بھی چیئرمین کے ہمراہ موجود تھے۔ تمام افسران نے انتظامی اقدامات، اسپرے مہم اور مجموعی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ٹیم ورک کے ساتھ انتظامات کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آخر میں چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹاؤن انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، صفائی کا خیال رکھیں اور اجتماع کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ یہ بڑا اجتماع بہترین، محفوظ اور مثالی انداز میں منعقد ہو سکے اور منگھوپیر ٹاؤن ایک مرتبہ پھر مثالی انتظامات کی مثال بن کر سامنے آئے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں