تمام نئی اسکیموں سے متعلق زمین کے حصول کا معاملہ پہلے حل کیا جائے: محمد سلیم بلوچ
کراچی: معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی محمد سلیم بلوچ کی زیر صدارت شہید بینظیرآباد ڈویژن کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری سہیل احمد قریشی، ایڈیشنل سیکریٹری محمد بخش جروار، چیف انجینئر ارشاد عباسی و متعلقہ ایکس ای اینز شریک ہوئے۔
اجلاس میں فراہمی و نکاسئ آب کی جاری و پرانی ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی
محمد سلیم بلوچ نے نوکوٹ تا ننگرپارکر نئی واٹر سپلائی اسکیم تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوکوٹ تا ننگرپارکر نئی واٹر سپلائی اسکیم سے مٹھی، اسلام کوٹ، چیلار و نوکوٹ کے عوام مستفید ہوسکیں گے، کوئی بھی اسکیم ٹینڈر کے وقت مکمل طور پر کسی ایک کانٹریکٹر کو دی جائے۔ایک ٹھیکیدار کو مکمل اسکیم دینے سے تکمیل میں کوئی عزر باقی نہیں رہے گا۔
معاون خصوصی محمد سلیم بلوچ نے کہا کہ تمام نئی اسکیموں سے متعلق زمین کے حصول کا معاملہ پہلے حل کیا جائے۔ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل میں زمین سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ کمشنر سے بھی رابطہ کیا جائے۔اسکیموں پر فنڈز کی زیرو یوٹیلائزیشن پر متعلقہ ایکسیئن کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔حکومت سندھ عوام سے کیے گئے وعدوں کے مطابق سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔مفاد عامہ کے منصوبوں میں کوتاہی و سست روی قابل قبول نہیں ہوگی۔
