کمشنر سیسی کا کلثوم بائی ولیکا اسپتال کا دورہ،محنت کشوں کو علاج کی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت
کراچی: کمشنر سندھ ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) ہادی بخش کلہوڑو نے کلثوم بائی ولیکا اسپتال کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران کمشنر نے اسپتال کے بیڈ لفٹ کا معائنہ کیا جو کافی عرصہ بند تھی اور حال ہی میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر محمد وسیم اور ایگزیکٹو انجینئر محسن ایوب کی کوششوں سے کمشنر کی ہدایات کی روشنی میں مکمل طور پر فعال کردی گئی ہے۔
کمشنر نے آپریشن تھیٹر کے اسکرَب ایریا اور آٹو کلیو سیکشن کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ممتاز شیخ نے اسپتال کی کارکردگی، جاری ترقیاتی اقدامات اور درپیش مسائل سے متعلق کمشنر سیسی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر ممتاز شیخ نے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور مجموعی سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے کمشنر سیسی کو آگاہ کیا۔
کمشنر سیسی نے انجینئرنگ ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولیات میں بہتری اور انتظامی امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کی اسکیم کا بنیادی مقصد محنت کشوں کو ناگہانی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے امداد مہیا کرنا ہے۔
