چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن اور ایم سی کی تبلیغی اجتماع کے منتظمین سے ملاقات،انتظامات پر گفتگو
کراچی: چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے آج ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ویسٹ ذوالفقار علی میمن، رکن صوبائی اسمبلی علی احمد جان، صدر ڈسٹرکٹ ویسٹ عابد حسین ستی، میونسپل کمشنر احمد یار ، کے الیکٹرک، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور مختلف محکموں کے سینئر افسران کے ہمراہ مولانا عبدالوہاب صاحب سے خصوصی ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں تبلیغی اجتماع 2025 کے مرکزی انتظامات، سہولیات اور فیلڈ مینجمنٹ کے تمام نکات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر یو سی ون کے کونسلر جاوید بروہی، ایس ای ذوالفقار شاہ،فہد کاکےپھوٹو (اے ڈبل ای ایم اینڈ ائی ڈیپارٹمنٹ)، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ساگر خان، اے ڈبل ای افاق عالم اور سب انجینئر جنید صدیقی سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے، جنہوں نے اپنی اپنی ذمہ داریوں سے متعلق بریفنگ پیش کی۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے مولانا عبدالوہاب صاحب کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ اس سال اجتماع کے انتظامات پچھلے تمام سالوں کی نسبت زیادہ جامع، منظم اور نتیجہ خیز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی اجتماع منگھوپیر ٹاؤن کے لیے نہ صرف باعثِ اعزاز ہے بلکہ اس کی برکت پورے علاقے میں محسوس کی جاتی ہے، اس لیے ٹاؤن انتظامیہ اپنی پوری صلاحیتوں کے ساتھ خدمات فراہم کرے گی۔
ڈی سی ویسٹ ذوالفقار علی میمن اور ایم پی اے علی احمد جان نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اجتماع کے دوران کوئی ادارہ اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ مولانا عبدالوہاب صاحب نے بجلی، پانی، صفائی، اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے، جنہیں چیئرمین نے فوری طور پر متعلقہ افسران کے سپرد کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ یہ تمام امور انتہائی ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں۔
