کراچی: مبینہ گیس چوری میں ملوث 4 افراد گرفتار، 1,500 غیرقانونی کنکشن منقطع

کراچی: مبینہ گیس چوری میں ملوث 4 افراد گرفتار، 1,500 غیرقانونی کنکشن منقطع

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی گیس چوری جیسے سنگین مسئلے کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے تاکہ اس جرم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پایا جاسکے۔ سیکیورٹی سروسز اور کاؤنٹر گیس تھیفٹ آپریشنز ڈیپارٹمنٹ (SS&CGTO)، کسٹمر ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ (CRD) اور ریکوری ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر متعدد چھاپہ مار کارروائیاں کی جارہی ہیں تاکہ اس جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔

حال ہی میں ٹیم نے ملیر کراچی کے علاقے دھنی پرتو گوٹھ میں ایک بیکری پر چھاپہ مارا، جہاں ان کو پی وی سی پائپ کے ذریعے بچھائی گئی ایک غیرقانونی زیرِ زمین گیس لائن ملی۔اس غیر قانونی کام میں شہری برکت علی لاشاری ولد خمیسو خان کو ملوث پایا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا۔

اسی دوران، دھنی پرتو گوٹھ ملیر کراچی کے ’’نیو کوئٹہ بسم اللہ ہوٹل‘‘ پر اور چھاپے کے دوران معلوم ہوا کہ براہِ راست ایس ایس جی سی کی سروس لائن میں سوراخ کرکے گیس چوری کی جا رہی تھی۔اس جرم میں ملوث شہری دلدارعلی ولد سونا خان کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئی۔

ایک اور کارروائی میں، دھنی پرتو گوٹھ، ملیر، کراچی میں ایس ایس جی سی کی 6 انچ مین ڈسٹری بیوشن لائن سے گیس چوری کرنے کے الزام میں دو ملزمان ضمیر حسین اور شہزادو مستوئی کو گرفتار کیا گیا۔ اس لائن سے تقریباً 1,000گھروں کو گیس فراہم کی جارہی تھی۔ ملزمان ہر گھر سے 8,000 روپے ایڈوانس اور2,000 روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے۔

ایس ایس جی سی کی ٹیم جب غیرقانونی کنیکشنز کو منقطع کر رہی تھی تو مزاحمت کرنے کے لیے ایک ہجوم جمع ہوگیا، تاہم اسسٹنٹ کمشنر کی مداخلت سے ٹیم تمام غیرقانونی کنیکشنز کو کامیابی سے منقطع کرنے میں کامیاب رہی۔

ٹیم نے ایف بی ایریا کراچی میں واقع کاشان نمکو اینڈ بیکرز پر بھی چھاپہ مارا، جہاں میٹر کے ریڈنگز کو ریورس کرنے کے لیے اسے چھیڑا گیا تھا۔ اس جرم میں محمد کاشان کلام ولد عبد الکلام کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ایک اور کارروائی میں، علی محمد جوکھیو گوٹھ، بن قاسم، کراچی میں ایس ایس جی سی کی 63  ملی میٹر ڈسٹری بیوشن لائن سے نکالی گئی ایک براہِ راست زیرِ زمین گیس لائن پکڑی گئی، جس کے ذریعے500  گھروں کو غیرقانونی گیس فراہم کی جارہی تھی۔ ملزمان ہر گھر سے25,000 روپے ایڈوانس اور1,500 روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے۔ تمام غیرقانونی کنکشن موقع پر ہی منقطع کردیے گئے اورملزمان منیر احمد سومرو ولد علی نواز سومرو،پہلوان ولد محمد مٹھل اوراعجاز ولد محمد مٹھل کے خلاف ایف آئی آرز درج کرلی گئیں ۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گیس چوری معاشرے کے خلاف ایک سنگین جرم ہے اور اس میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایس ایس جی سی گیس چوری کے خلاف اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے اور جہاں کہیں بھی گیس چوری کی نشاندہی ہوگی، وہاں سروے اور چھاپہ مار کارروائیاں کرتی رہے گی۔

ایس ایس جی سی اپنے معزز صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر گیس چوری کے واقعات کی رپورٹ کریں تاکہ اس ناسور کو معاشرے سے مکمل طور پر ختم کیا جاسکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں