میئر کراچی کا شہر میں مین ہول کورز اور اسٹریٹ لائٹس سے اہم اعلان
کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شہر میں مین ہول کورز اور اسٹریٹ لائٹس سے متعلق اہم اعلان کیا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہر یونین کمیٹی کو ماہانہ ایک لاکھ روپے مین ہول کورز اور اسٹریٹ لائٹس کے لیے دیے جائینگے۔نئے نظام کے تحت ہر یونین کمیٹی کو پہلے پانچ لاکھ روپے دیے جاتے تھے۔اس رقم کا بنیادی مقصد گلی محلوں کے مسائل حل کرنا تھا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بہت سی یو سیز نے رقم درست استعمال کی، تاہم متعدد علاقوں سے رقم ناکافی ہونے اور تنخواہوں میں خرچ ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ہم نے یہ معاملہ قیادت کے سامنے رکھا، اور سندھ حکومت نے شیئر بڑھا کر بارہ لاکھ روپے کر دیا۔یہ رقم روزمرہ مسائل کے حل کے لیے دی گئی تھی، مگر بدقسمتی سے وہ نتائج حاصل نہ ہو سکے جن کی توقع تھی۔
میئر کراچی نے کہا کہ نیپا سانحے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر یونین کمیٹی کو ہر ماہ ایک لاکھ روپے صرف مین ہول کورز اور اسٹریٹ لائٹس کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔یہ رقم دسمبر سے ہر یونین کمیٹی کو جاری کی جائے گی تاکہ مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔
