محکمہ انسانی حقوق سندھ کی انسانی حقوق کی آگاہی مہم میں محکمہ اطلاعات سندھ کا کردار بہت اہم ہے:آغا فخر حسین
کراچی: ڈائریکٹر محکمہ انسانی حقوق سندھ آغا فخر حسین نے کہا ہے کہ آج کے سوشل میڈیا کے دور میں محکمہ اطلاعات سندھ کی ذمہ داریوں اور کردار میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ محکمہ اطلاعات سندھ عوام اور حکومت کے مابین محکموں کی مثبت سرگرمیاں اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے محکمہ انسانی حقوق سندھ کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریبات کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ معین الدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے محکمہ انسانی حقوق کی آگاہی مہم میں محکمہ اطلاعات سندھ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں انسانی حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے میں محکمہ اطلاعات سندھ اور محکمہ انسانی حقوق سندھ ایک ہی صفحے پر ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انسانی حقوق سندھ نے محکمے کی سرگرمیوں کو موثر طریقے سے میڈیا میں اجاگر کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر معین الدین کو تعریفی شیلڈ پیش کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات سندھ معین الدین نے اس موقع پر ڈائریکٹر انسانی حقوق سندھ آغا فخر حسین کو اپنی کتاب ” کہانیاں /یادیں/ شاعری اور ڈائری ” بھی پیش کی۔ واضح رہے کہ معین الدین دس کتابوں کے مصنف ہیں ۔ ان کتب میں شاعری، آب بیتی، کہانیوں اور مضامین( اُردو/ انگریزی ) کی کتب شامل ہیں ۔
