پیپلز پارٹی منگھوپیر ٹاؤن میں عوامی مفاد کے ہر کام کو پہلی ترجیح دیتی ہے:حاجی نواز علی بروہی

پیپلز پارٹی منگھوپیر ٹاؤن میں عوامی مفاد کے ہر کام کو پہلی ترجیح دیتی ہے:حاجی نواز علی بروہی

کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات کا سلسلہ چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی خصوصی نگرانی میں مسلسل جاری ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی کے طور پر آج علاقے میں برسوں سے خراب اور بند پڑی سیوریج لائن کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے متعلقہ مقام پر انتہائی ضروری کام چیئرمین کی ہدایات پر فوری طور پر شروع کر دیا گیا۔ یہ سیوریج لائن عرصہ دراز سے ٹوٹی ہوئی تھی جس کے باعث گندگی، بدبو اور سیوریج کے پانی سے عوام خصوصاً نمازیوں اور بزرگ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

اس موقع پر ٹاؤن کے نمائندے اور مختلف محکموں کے افسران بڑی تعداد میں موجود تھے جن میں وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، یو سی 7 کے چیئرمین امید علی قاضی (جماعتِ اسلامی)، وائس چیئرمین حافظ عمران، انفارمیشن سیکرٹری شاہد نور، ایکس ای این سرجانی فہیم، فہد رضا، واٹر بورڈ کے انجینئرز، ٹاؤن کا عملہ اور دیگر متعلقہ افسران شامل تھے۔تمام افسران نے موقع پر موجود رہ کر سیوریج لائن کی کھدائی، تبدیلی اور بحالی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

علاقے میں گزشتہ کئی برسوں سے سیوریج لائن کی تباہ حالی کے باعث عوام کو شدید تکالیف کا سامنا تھا۔ گٹر کا پانی گلیوں میں جمع رہتا تھا، مسجد آنے جانے والے نمازیوں کو مشکل پیش آتی تھی، اور رہائشی بارہا اس مسئلے کی نشاندہی کر چکے تھے۔ عوامی شکایات سننے کے بعد چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے فوری ایکشن لیا اور واضح ہدایت جاری کی کہ سیوریج لائن کی مکمل مرمت اور نئی لائن بچھانے کا کام آج ہی سے شروع کیا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات نہ اٹھانی پڑیں۔

یوسی 7 کے چیئرمین امید علی قاضی، جو جماعت اسلامی سے تعلق رکھتے ہیں، بھی موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ یہ منگھوپیر ٹاؤن ہے، یہاں کام پارٹی دیکھ کر نہیں ہوتا۔ چاہے یو سی چیئرمین جماعتِ اسلامی کا ہو، پیپلز پارٹی کا ہو، MQM، JUI یا کسی بھی جماعت سے ہو—پاکستان پیپلز پارٹی منگھوپیر ٹاؤن میں عوامی مفاد کے ہر کام کو پہلی ترجیح دیتی ہے۔ خدمت سیاست سے کہیں بڑی چیز ہے۔ سیوریج کے مسائل سب سے زیادہ عام آدمی کی زندگی متاثر کرتے ہیں، اس لیے ایسے مسائل پر فوری کام ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں خدمت کے لیے منتخب کیا ہے، مقابلے کے لیے نہیں۔ ہمارا اصول بالکل واضح ہے کہ اگر کسی بھی یونین کونسل میں سیوریج، پانی، صفائی یا سڑک کا کوئی مسئلہ ہےتو وہ میرا مسئلہ ہے اور اس کا حل میری ذمہ داری ہے۔ آج جو سیوریج لائن کا کام فوری شروع ہوا ہے وہ اسی سوچ کا عملی ثبوت ہے۔

مقامی بزرگ شہریوں نے چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج لائن کا یہ مسئلہ کئی برسوں سے حل طلب تھا اور آج پہلی بار انہیں حقیقی تبدیلی نظر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدبودار پانی اور گندگی کی وجہ سے بہت تکلیف تھی، اور اللہ حاجی نواز کو جزا دے کہ انہوں نے عوام کی آواز پر فوراً کام شروع کروایا۔

وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، امید علی قاضی، حافظ عمران، ایکس ای این فہیم اور دیگر افسران نے بھی موقع پر موجود رہ کر کام کے پہلے فیز کا مکمل جائزہ لیا اور یقین دلایا کہ سیوریج لائن کی تنصیب اور بحالی کا پورا عمل تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔

محکموں کے ملازمین نے واضح کیا کہ چیئرمین کی خصوصی ہدایت پر کام کی رفتار مزید بڑھا دی گئی ہے اور انشاءاللہ یہ منصوبہ جلد پایۂ تکمیل تک پہنچے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں