چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا سیکٹر 5J کا دورہ،پیور بلاک کی تنصیب کا آغاز

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا سیکٹر 5J کا دورہ،پیور بلاک کی تنصیب کا آغاز

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 5J نیو کراچی کا دورہ کیا اور فائف جے کے مختلف بلاکس میں پیور بلاک کی تنصیب کے کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر یوسی 5 کے چیئرمین راجہ عطاالرحمن، وائس چیئرمین توقیر خان، کونسلرز اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔چیئرمین محمد یوسف نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے 600 گلیوں میں پیور بلاک لگانے کے جامع پروگرام پر تیزی سے عمل جاری ہے، جس کے تحت آج فائف جے میں بھی باضابطہ طور پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹاؤن کی 400 سے زائد گلیوں میں پیور بلاک کی تنصیب مکمل یا جاری ہے، جبکہ فائف جے میں بیک وقت 15 گلیوں میں کام ہورہا ہے۔انہوں نے علاقے کے دیرینہ مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فائف جے اور اطراف میں سڑکوں و گلیوں کی تباہ حالی کے ساتھ ساتھ واٹر اینڈ سیوریج کا نظام انتہائی خراب تھا۔“لاڑکانہ بیکری سے طلحہ مسجد تک سیوریج کا بدترین مسئلہ تھا، پانی کی سپلائی چلتے ہی پوری سڑک زیرِ آب آجاتی تھی۔ ہم نے فوری اقدامات کرتے ہوئے نہ صرف فنچنگ کی بلکہ اس مسئلے کو مکمل حل کیا۔

چیئرمین محمد یوسف نے مزید بتایا کہ بن قاسم اسٹیڈیم سے سندھی ہوٹل تک 24 انچ کی نئی لائن بچھائی گئی ہے جس سے 5J اور 5G کے پانی کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوگیا ہے یہ کام بنیادی طور پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ذمے تھا، مگر عوامی تکالیف کو دیکھتے ہوئے ہم نے اپنے ٹاؤن فنڈز سے یہ کام کرایا۔ ان شاء اللہ فائف جے میں پانی اور سیوریج کے مسائل نمایاں طور پر کم ہو جائیں گے۔دورے کے دوران چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے کہا“مرتضیٰ وہاب صاحب کو شکایت رہتی ہے کہ نیو کراچی کا چیئرمین کبھی لاہور، کبھی حیدرآباد اور کبھی لاڑکانہ میں ہوتا ہے۔ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میں یہاں رہوں یا نہ رہوں، نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کام ایک لمحے کے لیے بھی نہیں رکتے۔ سڑکیں، پیور بلاکس، پارکس، پانی اور سیوریج سمیت متعدد منصوبے روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔

انہوں نے مئیر کراچی پر تنقید کرتے ہوئے کہا“مرتضیٰ وہاب صاحب  آپ کے پاس 55 ارب روپے موجود ہیں، پھر بھی آپ نے کوئی بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا۔کراچی کی سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کا بنیادی مسئلہ آپ حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ آپ کے حصے کے کام ٹاؤنز کو کرنا پڑ رہے ہیں۔چیئرمین نے مزید کہا کہ آپ صرف پریس کانفرنس کرتے ہیں اور جماعت اسلامی کے نمائندوں پر تنقید کرتے ہیں۔ آپ کو جماعت فوبیا ہوگیا ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے نمائندے میدان میں موجود ہیں اور عملی کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مئیر کراچی سے براہِ راست سوال کیاآپ نے کون سی سڑک بہتر کی؟ 7000 روڈ آپ ہی کی حدود میں آتی ہے، اسے کب ٹھیک کریں گے؟ سندھ حکومت نے آپ کو مزید 25 ارب روپے دیے ہیں، یعنی اب آپ کے پاس 80 ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، مگر کراچی ان اربوں روپے کے باوجود بدحال ہے۔آخر میں انہوں نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا:کراچی کے عوام اب خاموش نہیں رہیں گے۔ انہیں سڑکیں، صفائی، پانی اور سیوریج کا بہتر نظام چاہیے۔ آپ کو ڈیلیور کرنا ہوگا، صرف دعووں اور پریس کانفرنسوں سے شہر  نہیں چلتا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں