گلبرگ ٹاؤن کے 4 اسکولوں میں کمپیوٹر لیبز کا قیام
کراچی: گلبرگ ٹاؤن میں محکمہ تعلیم کی جانب سے ٹیکنالوجی ایمپاورمنٹ پروگرام کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد سرکاری تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل سہولیات کا فروغ، جدید کمپیوٹر لیبز کا قیام اور طلبہ کی آئی ٹی استعداد میں اضافہ کرنا تھا۔
اس پروگرام کو ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔تقریب میں ٹاؤن انتظامیہ نے اُن سرکاری اسکولوں کو کمپیوٹر سسٹمز، لیب ایکوپمنٹ اور ضروری آئی ٹی انفراسٹرکچر فراہم کیا جہاں کمپیوٹر لیبز کی عدم موجودگی کے باعث طلبہ ڈیجیٹل تعلیم سے محروم تھے۔ اس اقدام کا مقصد نئی نسل کو بنیادی تا اعلیٰ سطح تک ٹیکنالوجی کے استعمال، پروگرامنگ، ڈیجیٹل لٹریسی اور مستقبل کی جدید مہارتوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، تاکہ وہ مقابلے کی عالمی دوڑ میں خود کو مؤثر طور پر تیار کر سکیں جماعت اسلامی کراچی کی تعلیم دوست پالیسی کے تحت گلبرگ ٹاؤن کے چار سرکاری اسکولوں میں جدید کمپیوٹر لیبز قائم کی جارہی ہیں، جبکہ تقریب کے دوران پرنسپلز میں کمپیوٹرز بھی تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ ”کراچی کے 9 ٹاؤنز میں جماعت اسلامی سب سے زیادہ عملی کام کررہی ہے۔ تعلیم اور صحت ہماری ترجیحات میں سرِفہرست ہیں۔” انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے بغیر تعلیمی ترقی ممکن نہیں، اس لیے سرکاری اسکولوں میں کمپیوٹر لیبز کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے ہم بحیثیتِ جماعتِ اسلامی ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کا مضبوط امتزاج ہی قوموں کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ آج کے اس دور میں جدید کمپیوٹر لیبز کا قیام اور طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم محض سہولت نہیں بلکہ ایک روشن اور باوقار مستقبل کی بنیاد ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کا ہر طالب علم نہ صرف ٹیکنالوجی استعمال کرے بلکہ آگے چل کر اسے تخلیق اور تعمیر کے لیے بھی بروئے کار لائے۔ہماری جماعت ہمیشہ نوجوان نسل کی فکری و عملی تربیت کو ترجیح دیتی ہے—تاکہ وہ ایک باکردار، باصلاحیت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ شہری بن سکیں۔
ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گُلبرگ ٹاؤن میں بہادر یار جنگ ماڈل اسکول کی مثال موجود ہے۔ اب ہم مزید سرکاری اسکولوں کو کمپیوٹر لیبز کا تحفہ دے رہے ہیں تاکہ طلبہ عصرِ حاضر کے مطابق تعلیم حاصل کرسکیں۔”یہ خیالات انہوں نے رابیہ بصری اسکول، بلاک 17 فیڈرل بی ایریا میں ”ٹیکنالوجی ایمپاورمنٹ” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ظاہر کیے، جہاں اسکولوں کے لیے مزید کمپیوٹرز تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، امیر جماعت اسلامی گلبرگ وسطی کامران سراج، سابق ٹاؤن چیئرمین فاروق نعمت اللہ، میونسپل کمشنر عبدالحمید سہاگ، ڈائریکٹر ایجوکیشن ندیم حنیف، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اساتذہ، طلبہ، والدین اور علاقے کے معزز منتخب نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے کمپیوٹرز کی فراہمی، لیبز کی اپ گریڈیشن اور تعلیم میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے اس سلسلے کو علاقے کی تعلیمی ترقی اور نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے نہایت خوش آئند قرار دیا۔۔جماعت اسلامی کراچی کے تحت یہ اقدام سرکاری تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے، جس سے سینکڑوں طلبہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کریں گے۔
