میونسپل کمشنرنیو کراچی ٹاؤن کا وائس چیئرمین کے ہمراہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ
کراچی:میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے الیون جے (11-J) اور فائیو ڈی (5-D) سیکٹرز میں جاری پیور بلاک کی تنصیب کے کام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر بی اینڈ آر ڈپارٹمنٹ کے ٹاؤن افسر فیصل صغیر بھی موجود تھے۔دورے کے دوران میونسپل کمشنر نے سڑکوں پر بچھائے جانے والے پیور بلاک کے معیار، مضبوطی، لیولنگ اور استعمال ہونے والے مٹیریل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ عملے اور ٹھیکیداروں کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کسی صورت ترقیاتی کاموں کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔میونسپل کمشنر منور حسین ملاح نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے عوام بہتر سہولیات چاہتے ہیں اور ہم اس اعتماد پر پورا اترنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ پیور بلاک کی کوالٹی، سائز اور استعمال ہونے والا مٹیریل مکمل طور پر ٹینڈر کے مطابق ہونا چاہیے۔ اگر معیار میں ذرا سی بھی کمی پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
منور ملاح نے مزید کہا کہ تمام جاری منصوبوں کی نگرانی سختی سے کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی، غفلت یا غیر معیاری کام کی گنجائش باقی نہ رہے۔
وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترقیاتی کام علاقے کی ضرورت ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیو کراچی ٹاؤن کا ہر سیکٹر صاف، محفوظ اور بہتر انفرااسٹرکچر کا حامل ہو۔ پیور بلاک کی تنصیب سے عوام کو آمد و رفت میں واضح سہولت ملے گی اور سڑکوں کی عمر بھی بڑھے گی۔ ہمارا معیار اعلیٰ ہو گا تو اس کے اثرات عوام تک براہِ راست پہنچیں گے۔
دورے کے اختتام پر میونسپل کمشنر اور وائس چیئرمین نے بی اینڈ آر ٹیم کو ہدایت کی کہ تمام مراحل کی دستاویزی مانیٹرنگ کی جائے، روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ تیار کی جائے، اور شہری شکایات اور تجاویز پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
