میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن کا اچانک دورہ، ڈمپنگ پوائنٹ ختم کرنے کے احکامات
کراچی: میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملا ح نے اچانک دورہ کرتے ہوئے اس گلی کا معائنہ کیا جو کئی سالوں سے کچرے کے ڈمپنگ پوائنٹ کے طور پر استعمال ہو رہی تھی۔ علاقے میں جا بجا کچرے کے ڈھیر، تعفن اور مچھروں کی افزائش نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا تھا۔ اس صورتحال پر علاقہ مکین طویل عرصے سے انتظامیہ کو شکایات کر رہے تھے مگر تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا تھا۔
میونسپل کمشنر منور حسین ملا ح کے ہمراہ بی این آر ڈیپارٹمنٹ کے افسر فیصل صغیر، اسٹاف افسر محمد علی اور کوارڈینیٹر ٹو میونسپل کمشنر آصف بھی موجود تھے۔میونسپل کمشنرنیو کراچی ٹاؤن نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی کہ علاقے کو فوری طور پر صاف کیا جائے اور ڈمپنگ پوائنٹ کو مستقل بنیادوں پر ختم کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر منور حسین ملا ح نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ،شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ میں نے علاقے کی حالت دیکھ کر افسوس محسوس کیا کہ یہاں برسوں سے صفائی کے نظام کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ مچھر، بدبو اور گندگی کے باعث یہاں کے رہائشیوں کی مشکلات بڑھ چکی ہیں۔ میں نے متعلقہ ٹاؤن افسران کو واضح ہدایت دے دی ہے کہ فوری طور پر کارروائی کریں اور اس جگہ کو کچرے کے ڈھیر سے پاک کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے، اور صفائی کے عمل کو مزید تیز، مؤثر اور منظم بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صفائی محض ایک محکمہ کی نہیں بلکہ اجتماعی ذمہ داری ہے، شہریوں کو بھی اس عمل میں تعاون کرنا ہوگا۔علاقہ مکینوں نے میونسپل کمشنر کے اس بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ برسوں بعد کسی افسر نے ذاتی طور پر آ کر علاقے کی حالت دیکھی اور فوری احکامات جاری کیے ہیں۔
مکینوں کا کہنا تھا کہ اگر اس ہدایت پر عمل درآمد یقینی بنایا گیا تو نیو کراچی کا ماحول نمایاں طور پر بہتر ہو سکتا ہے۔ادھر بلدیاتی ذرائع کے مطابق صفائی کے عملے کو ہنگامی بنیادوں پر علاقے سے کچرا اُٹھانے، اسپرے مہم شروع کرنے اور نالوں کی صفائی کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں علاقے کی حالت میں واضح بہتری آئے گی۔میونسپل کمشنر منور حسین ملا ح نے یہ یقین دہانی کرائی کہ نیو کراچی ٹاؤن کے کسی بھی علاقے کو صفائی کے نظام سے محروم نہیں رکھا جائے گا اور جہاں بھی غفلت پائی گئی، متعلقہ عملے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
