گڈاپ ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے:طارق عزیز بلوچ
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ اور میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے پارلیمانی لیڈر کونسل ممبر میر عباس تالپور، افسر مالیات افتخار حسین دایو اور کونسل ممبر دانش برفت کے ہمراہ گلشن حدید فیز ٹو، یوسی گلشن حدید گڈاپ ٹاؤن میں زیرِ تکمیل سیوریج لائن کے کام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے احکامات اور پارٹی ویژن کے مطابق گڈاپ ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی واٹر سپلائی اسکیم، صفائی ستھرائی اور نکاسیِ آب کے نظام میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔ پارٹی قیادت کی ہدایت پر تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور عوامی مفاد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبے باقاعدہ منظور شدہ ٹینڈر کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کے تحت گلشن حدید فیز ٹو میں معیاری سیوریج لائن بچھائی جا رہی ہے۔اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں برساتی پانی کے نکاسی اور سیوریج کے مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ہم تمام ترقیاتی منصوبوں کی اپنی ٹیم کے ساتھ خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ ٹھیکیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کریں تاکہ عوام ان سہولیات سے جلداز جلد مستفید ہوسکیں۔
