صوبائی وزیر علی حسن زرداری سے وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کی ملاقات
کراچی: صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری سے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی خان ملکانی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، صوبائی ترقیاتی منصوبوں، اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار اور محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر عبداللطیف میمن بھی موجود تھے۔ دونوں وزراء نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور عوامی سہولیات میں بہتری کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا۔
صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ورکس اینڈ سروسز محکمہ صوبے میں سڑکوں، عمارتوں اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر محمد علی خان ملکانی نے کہا کہ لائیو اسٹاک اور فشریز کے شعبے سندھ کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان میں بہتری کے لیے دیگر متعلقہ محکموں سے قریبی تعاون ضروری ہے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر علی حسن زرداری سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ علی حسن زرداری نے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
