کمشنرکراچی کی خصوصی ہدایت پر اجلاس، منگھوپیر ٹاؤن کے ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
کراچی: کمشنرکراچی کی خصوصی ہدایت پر آج ڈپٹی کمشنر ضلعِ غربی ذوالفقار میمن کے دفتر میں ایک نہایت اہم اور بامقصد اجلاس منعقد ہوا،جس کا مقصد ضلع بھر کے بالخصوص منگھوپیر ٹاؤن کے ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
اجلاس میں چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے بطورِ نمائندۂ ٹاؤن خصوصی شرکت کی، جبکہ وائس چیئرمین رانا محمد عارف، میونسپل کمشنر آغا خلیق درّانی، منگھوپیر ٹاؤن کے متعلقہ محکموں کے افسران، انجینئرز اور عملہ بھی موجود تھا۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اجلاس میں شرکت کے دوران نہایت جامع انداز میں منگھوپیر ٹاؤن کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹاؤن کی سطح پر متعدد اہم منصوبے زیرِ عمل ہیں، جن میں سیوریج لائنوں کی تنصیب، مرکزی و ذیلی شاہراہوں کی مرمت و بحالی، صفائی و ستھرائی کے نظام میں بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی فعالیت کی بحالی، پارکوں و تفریحی مقامات کی تزئین و آرائش اور شہری سہولیات کی فراہمی جیسے امور شامل ہیں۔
چیئرمین نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں ہر منصوبہ خالص عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دیا جا رہا ہے۔ "ہماری اولین ترجیح معیار، شفافیت اور سرعتِ عمل ہے۔ میں ذاتی طور پر ہر منصوبے کی نگرانی کرتا ہوں تاکہ کوئی کام صرف کاغذوں تک محدود نہ رہے بلکہ عوام کو اس کے ثمرات براہِ راست حاصل ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں ترقی و خدمت کا ایک نیا باب رقم ہو رہا ہے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام محکمے ہمہ وقت سرگرمِ عمل ہیں، اور ہر افسر و عملہ اپنی ذمہ داری کو خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ ادا کر رہا ہے۔ عوام کی خوشحالی اور سہولت کے لیے جاری منصوبے نہ صرف علاقے کی شکل بدل رہے ہیں بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مزید مضبوط کر رہے ہیں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ضلعِ غربی ذوالفقار میمن نے تمام محکموں سے منگھوپیر ٹاؤن کے ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین کارکردگی رپورٹ، فنڈز کے شفاف استعمال، جاری و تکمیل شدہ منصوبوں کی تفصیلات اور آئندہ کے لائحۂ عمل سے متعلق جامع ڈیٹا طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی کی واضح ہدایت ہے کہ تمام ٹاؤنز اپنی پیش رفت کے حوالے سے باقاعدہ رپورٹس جمع کرائیں تاکہ ضلع بھر میں ترقیاتی عمل کو منظم، شفاف اور ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منگھوپیر ٹاؤن کی اب تک کی کارکردگی کو نہایت اطمینان بخش قرار دیا اور کہا کہ "منگھوپیر ٹاؤن ضلعِ غربی کے دیگر ٹاؤنز کے لیے ایک مثالی ماڈل کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ یہاں کے ترقیاتی منصوبے، صفائی ستھرائی کا نظام، انسدادِ پولیو مہم اور عوامی سہولیات کی فراہمی دیگر علاقوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔”
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ عوامی خدمت ہی ہماری اصل سیاست اور ہمارا فخر ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مزید جانفشانی سے ادا کریں، عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں اور فیلڈ میں رہ کر ہر کام کی براہِ راست نگرانی کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ منگھوپیر کے عوام اب ترقی، سہولت اور روشنی کا نیا دور دیکھ رہے ہیں۔ "ہم وعدے نہیں، عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ منگھوپیر ٹاؤن کو ضلعِ غربی کا بہترین اور مثالی ٹاؤن بنانا ہمارا حتمی ہدف ہے۔”
کمشنرکراچی کی خصوصی ہدایت پر اجلاس، منگھوپیر ٹاؤن کے ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔
