گڈاپ ٹاؤن آفس میں اقلیتی برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر تقریب کا انعقاد
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ آفس میں اقلیتی برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر پرمسرت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور رنگارنگ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔تقریب میں میونسپل کمشنر محمد نواز مہر اقلیتی ممبر سنی عاشق مسیح سمیت محکمہ جاتی افسران اور عملہ شریک ہوا۔ دیوالی کی مبارکباد دی اور باہمی رواداری، اتحاد اور امن و محبت کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ دیوالی خوشی، روشنی اور محبت کا پیغام دینے والا تہوار ہے۔ گڈاپ ٹاؤن انتظامیہ ہمیشہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ مساوی سلوک اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ اقلیتی برادری ہمارے معاشرتی ڈھانچے کا اہم حصہ ہے، ان کے تہوار میں شریک ہو کر ہمیں باہمی بھائی چارے کا پیغام عام کرنا چاہیے۔وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو نے کہا کہ دیوالی روشنی، خوشحالی اور امن کی علامت ہے۔ ہمیں ایسے مواقع پر ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو کر محبت، برداشت اور بھائی چارے کے رشتے کو مضبوط بنانا چاہیے۔ گڈاپ ٹاؤن انتظامیہ اقلیتی برادری کے مسائل کے حل اور ان کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے کہا کہ دیوالی کا تہوار ہمیں باہمی احترام، ہم آہنگی اور امن کا درس دیتا ہے۔ گڈاپ ٹاؤن میں صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر بلدیاتی سہولیات کے بہتر انتظامات کے ذریعے ہم نے اقلیتی برادری کو خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی ہے، تاکہ وہ اپنا تہوار خوشی اور اطمینان کے ساتھ منائیں۔اقلیتی ممبر سنی عاشق مسیح نے اس موقع پر کہا کہ ہم چیئرمین طارق عزیز بلوچ، وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو اور میونسپل کمشنر محمد نواز مہر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دیوالی کے موقع پر اقلیتی برادری کے لیے خصوصی انتظامات کروا کر مذہبی ہم آہنگی کی شاندار مثال قائم کی۔ ایسے اقدامات سے اقلیتوں کا اعتماد مزید مضبوط ہوتا ہے۔اس موقع پر گڈاپ ٹاؤن کے محکمہ جاتی افسران اور اقلیتی یوسی اراکین بھی تھے۔
