آباد نے قیدیوں کیلئے 100 لیپ ٹاپ عطیہ کردیے

آباد نے قیدیوں کیلئے 100 لیپ ٹاپ عطیہ کردیے

کراچی: آئی جیل خانہ جات فدا حسین مستوئی نے کہا ہے کہ  سندھ کی جیلوں میں 12 ہزار قیدیوں کی گنجائش کے مقابلے میں 28 ہزار قیدی موجود ہیں،قیدیوں  کی تربیت  اور فلاح وبہبود کے لیے  آباد کے اقدام قابل تحسین ہیں۔ان خیالات کااظہار انھوں نے آباد کی جانب سے سینٹرل جیل کے قیدیوں کے لیے 100 کمپیوٹر عطیہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے چیئرمین حسن بخشی کی قیادت میں آباد کے وفد نے سینٹرل جیل کا دورہ کیا ،وفد میں وائس چیئرمین طارق عزیز،چیئرمین سدرن ریجن احمد اویس تھانوی اور ناصر لاکھانی بھی شامل تھے۔

اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات سندھ فدا حسین مستوئی نے مزید کہا کہ جیل ریفارمز وقت کی اہم ضرورت ہیں،ملیر جیل کے ٹوٹنے کاواقعہ ہماری آنکھیں کھولنے کے لیے  کافی تھا،اسی وجہ سے جیلوں کے سیکیورٹی نظام کو ازسرِنو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جیل سیکیورٹی کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کیا گیا ہے، اب قیدیوں کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی اور فنگر پرنٹ سسٹم کے ذریعے کی جاتی ہے۔

فدا حسین مستوئی نے بتایا کہ جیلوں میں عملے کی کمی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے،28 ہزار قیدیوں کی نگرانی کے لیے صرف 4 ہزار پولیس اہلکار ہیں۔قیدیوں کی اصلاح اور تربیت کے لیے مختلف ہنرمندی کے کورسز شروع کیے گئے ہیں، جن میں زبان سیکھنے اور دیگر فنی تربیت شامل ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ رہائی کے بعد یہ افراد معاشرے کے کارآمد شہری بنیں۔

آئی جی جیل نے بتایا کہ آباد  کی جانب سے 100 لیپ ٹاپس قیدیوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ آئی ٹی سے منسلک تربیت حاصل کرسکیں۔ آباد کا یہ قدم قابلِ تحسین ہے کیونکہ آئی ٹی کا رجحان بڑھ رہا ہے اور یہ تربیت قیدیوں کے مستقبل کے لیے سودمند ہوگی۔فدا حسین مستوئی نے کہا کہ ایک سال کے اندر جیلوں کے نظام اور ماحول میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔

اس موقع پر چیئرمین آباد محمد  حسن بخشی نے کہا کہ تعلیم و ہنر سے قیدی رہائی کے بعد معاشرے کا مفید اور باعزت حصہ بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم چاہتے ہیں کہ یہ بچے ملک کے لیے شاندار مثال بنیں، اور ان کے لیے روشن مستقبل کے دروازے کھلیں۔

محمد حسن بخشی نے کہا کہ اگر جوڈیشل نظام بہتر ہو جائے تو 80 فیصد جرائم میں کمی ممکن ہے۔ نیوٹیک کے اشتراک سے آباد 500 بچوں کو فنی تربیت دے کر روزگار فراہم کرے گا۔ معاشرہ تب مضبوط ہوتا ہے جب ہم بھٹکے ہوئے لوگوں کو صحیح راستہ دکھائیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں