ادارہ جاتی شفافیت اور سماجی انصاف کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں:وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے غربت کے خاتمے کے بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کا عالمی دن ’خاندانوں کے احترام اور مؤثر معاونت کے ذریعے سماجی و ادارہ جاتی بدسلوکی کے خاتمے‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی فلاح کے لیے پرعزم ہے، غربت کا خاتمہ صرف معیشت نہیں، عزتِ نفس اور انصاف کا تقاضا ہے۔سندھ حکومت پائیدار ترقی کے ذریعے غربت کے دائمی خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔غربت کے خاتمے کے لیے خاندانوں کو بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سماجی انصاف اور معاشی مواقع ہر شہری کا بنیادی حق ہیں،سندھ حکومت نے سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کئے ہیں،ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے پروگرام غربت کے خاتمے میں اہم ثابت ہوئے ہیں۔پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے صوبوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم، صحت اور روزگار کے ذریعے غربت کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔غربت کے خلاف جنگ میں خواتین اور نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے۔عالمی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان کو غربت سے پاک بنانا ہمارا ہدف ہے۔ادارہ جاتی شفافیت اور سماجی انصاف کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔
