کراچی اورحیدرآباد میں 500 الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جائیں گی: شرجیل انعام
پیپلز گرین ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت کراچی اور حیدرآباد میں 500 الیکٹرک بسیں مرحلہ وار متعارف کرائی جائیں گی،
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یہ فلیگ شپ منصوبہ ہوگا، شہریوں کو آرام دہ اور کم لاگت سفری سہولت ملے گی، فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی،منصوبے میں جدید بس ڈپو، چارجنگ اسٹیشنز، خودکار کرایہ وصولی اور اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم بھی شامل ہوں گے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی پورٹ تا قیوم آباد ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی ہے جو بندرگاہ سے بھاری گاڑیوں کے لیے مخصوص راستہ فراہم کرے گا۔16.5 کلومیٹر طویل یہ فریٹ ایکسپریس وے پورٹ کو سینیٹر تاج حیدر انٹرچینج سے جوڑے گا، جس سے شہری سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور بندرگاہ کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جامشورو اور مٹیاری میں 41 ہزار ہیکٹر رقبے پر دریائی جنگلات لگانے کا منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور کاربن کے اخراج میں کمی کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔سندھ حکومت زراعت اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبے میں بھی نجی شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ میں ٹماٹر کلسٹر پراسیسنگ پلانٹ اور صوبے بھر میں چاول اور گندم میکانائزیشن منصوبہ پر فزیبلٹی اسٹڈیز جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال پر حکومتی توجہ کا مظہرہے،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت صوبے میں ٹرانسپورٹ، توانائی، ماحولیات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں متعدد اہم منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبے شہری سہولتوں میں بہتری، روزگار کے مواقع، سرمایہ کاری کے فروغ اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جاری منصوبے سندھ کے عوام کے لیے ایک بہتر، خوشحال اور جدید مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ عوامی خدمت، ترقی اور خود انحصاری کے وژن پر عمل پیرا ہے۔
