صدر ٹاؤن کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے: منصور شیخ

صدر ٹاؤن کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے: منصور احمد شیخ

کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا ہے کہ صدر ٹاؤن کی تعمیر و ترقی اورمزید خوبصورتی کے لیے انڈر ٹریننگ افسران اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔اگر اس مقصد کے لیے کسی مستند، تجربہ کاراور مخیرافرادکو شامل کرنے کی ضرورت محسوس ہو تو صدر ٹاؤن انتظامیہ ان کا خیر مقدم کرے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔یہ بات انہوں نے صدر ٹاؤن میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صدر ٹاؤن کے انڈر ٹریننگ افسر کے علاوہ میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن نور حسن جوکھیو بھی موجود تھے۔

چیئرمین نے کہا کہ صدر ٹاؤن کراچی کا دل ہے، جس کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی نہ صرف یہاں کے باسیوں بلکہ شہر بھر کے لیے خوشگوار اثرات مرتب کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سہولتوں کو بہتر بنانا اور شہریوں کے لیے ایک صاف ستھرا اور خوشنما ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے انڈر ٹریننگ افسر کو ہدایت دی کہ ٹاؤن کی خوبصورتی، صفائی، شجرکاری، اسٹریٹ لائٹس کی بہتری اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ایک جامع پلان ترتیب دیں۔ اس ضمن میں اگر کسی نجی ادارے یا ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں تو صدر ٹاؤن انتظامیہ نہ صرف اس اقدام کی حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ تمام تر تعاون بھی فراہم کرے گی۔

میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن نور حسن جوکھیو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین صدر ٹاؤن کے وژن کے مطابق تمام افسران اور عملہ شب و روز محنت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹاؤن کو کراچی کے بہترین اور ماڈل ٹاؤن میں تبدیل کرنا ہمارا ہدف ہے اور اس کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے آخر میں زور دیا کہ افسران اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری، لگن اور شہری خدمت کے جذبے کے ساتھ ادا کریں تاکہ صدر ٹاؤن کو ایک مثالی اور جدید سہولیات سے آراستہ علاقہ بنایا جا سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں