منگھوپیر ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تیز رفتاری سے جاری ہے:حاجی نواز علی بروہی
کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تیز رفتاری سے جاری ہے، اور اس کی ایک نمایاں کڑی کریمی چورنگی سے شہید بھٹو چوک تک روڈ کارپیٹنگ کا عظیم منصوبہ ہے جو چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی خصوصی دلچسپی، براہِ راست نگرانی اور انتھک محنت کے نتیجے میں کامیابی کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچا۔
یہ منصوبہ برسوں سے عوام کا مطالبہ تھا کیونکہ اس سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل پیدا ہو رہے تھے بلکہ مقامی کاروبار، تعلیمی اداروں تک رسائی اور شہریوں کی روزمرہ زندگی بھی متاثر ہو رہی تھی۔ آج اس منصوبے کی تکمیل عوام کے لیے سہولت، آسانی اور خوشحالی کا پیغام ہے۔
اس موقع پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے خود موقع پر کھڑے ہو کر کام کی نگرانی کی۔ تمام افسران اور ذمہ داران ان کے ہمراہ موجود تھے۔ چیئرمین نے اس دوران واضح ہدایت دی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہر کام بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"یہ منصوبے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے بن رہے ہیں، اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ایک ایک روپیہ شفافیت اور ایمانداری کے ساتھ عوام کی سہولت پر ہی خرچ ہو۔ ہماری اولین ترجیح عوام کو ریلیف دینا ہے، تاکہ وہ محفوظ، آرام دہ اور بہتر زندگی گزار سکیں۔
یہ منصوبہ محض ایک سڑک کی تعمیر نہیں بلکہ ایک بڑی تبدیلی کا آغاز ہے، کیونکہ اس سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی پیدا ہوگی اور علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل قریب میں منگھوپیر ٹاؤن میں مزید بڑی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سیوریج نظام کی بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پارکوں اور عوامی مقامات کی تزئین و آرائش کے مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ عوام کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر علاقے کی عوام نے بے حد مسرت کا اظہار کیا اور چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہریوں نے کہا کہ برسوں پرانی شکایت آج دور ہوگئی ہے اور اب آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوگی۔ مقامی افراد نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ چیئرمین خود موقع پر کھڑے ہو کر نگرانی کرتے ہیں اور عوامی مسائل کو براہِ راست سنتے ہیں، جو ایک حقیقی عوامی قیادت کی علامت ہے۔
