گلبرگ ٹاؤن: تعلیم کی ترقی اور ریفارمز کے لیے HHRD اور ٹاؤن انتظامیہ کا عزم
کراچی: ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ (HHRD) کے کنٹری ڈائریکٹر جناب سلیم منصوری اور پروگرام ڈائریکٹر جناب امجد صاحب نے ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ کے ہمراہ گلبرگ ٹاؤن کے ابو تراب اسکول اور منصورہ لائبریری کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے، اور گلبرگ ٹاؤن میں جاری ریفارمز کا مقصد ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گلبرگ ٹاؤن کے تمام اسکولوں کو ماڈل اسکولوں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ یہ ادارے نوجوان نسل کو بہتر مستقبل فراہم کر سکیں۔
HHRD کے کنٹری ڈائریکٹر سلیم منصوری نے کہا کہ ادارہ دنیا کے 56 سے زائد ممالک میں مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود گلبرگ ٹاؤن کی کارکردگی نمایاں اور قابلِ ستائش ہے، اور تعلیم کے فروغ کے لیے HHRD ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
تقریب میں سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر ایجوکیشن ندیم حنیف، HHRD کراچی کے ریجنل منیجر عدیل اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
