سیسی کے اسپتالوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جارہا ہے:کمشنر صفدرحسین رضوی
کراچی: کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن صفدرحسین رضوی نے کہا ہے کہ سیسی کے اسپتالوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ اور مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے مستند کمپنیوں سے دوائیوں کی خریداری کے ٹینڈرز کیے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈانڈسٹریز میں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے منعقدہ آگاہی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سمینار میں احمدعظیم، صدرسائٹ ایسوسی ایشن، یونس بشیر، سابق صدرسائٹ ایسوسی ایشن، لیبر کمیٹی کے ممبران عبدالقادر، ریاض ڈھیڈی، محمدخالد، جنید احمد، ایملائرزفیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل سید نذر علی، ہمایوں نذیر، آئی ایل او کے پروجیکٹ ہیڈدیباج عابدی، کمشنر سیسی کے ہمراہ سیسی کے سینئر ڈائریکٹرکنٹری بیوشن اینڈبینیفٹ عنبرین کامل، ڈائریکٹرپبلک ریلیشنز سیف اللہ خان، سیسی سائٹ ویسٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر مشرف حسین رضوی، سیسی سائٹ ایسٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹرشاہد میمن، کلثوم بائی ولیکا ہسپتال کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹرممتاز شیخ، ڈپٹی میڈیکل سپرینٹنڈنٹ امبرین خان، ڈپٹی ڈائریکٹرسی اینڈبی ثناء اللہ اور کمپیوٹرپروگرامر حامد علی کے علاوہ ایمپلائرز کے نمائندوں، فیکٹری مالکان اور ان کے نمائندوں نے بھی سمینار میں شرکت کی۔
کمشنر سیسی نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ صنعتی اداروں اور ان میں کام کرنے والے مزدوروں کو سوشل سیکورٹی اسکیم میں زیادہ سے زیادہ رجسٹر کروائیں تاکہ محنت کش سوشل سیکورٹی اسکیم کی مفت علاج معالجہ کی سہولیات اور مالی فوائد سے استفادہ کرسکیں۔ سمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹرسی اینڈ بی ثناء اللہ نے شرکاء کو سوشل سیکورٹی اسکیم میں محنت کشوں اور ان کے لواحقین کی رجسٹریشن اور علاج معالجہ کی سہولیات سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
کمشنر سیسی صفدر رضوی نے شرکاء کی جانب سے اسکیم کے متعلق پوچھے گئے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے۔آئی ایل او کے پروجیکٹ ہیڈدیباج عابدی نے ٹیکسٹائل پروجیکٹ آف اسکن ڈیزیز اینڈ کیمیکل ایکسپلوژن ڈیزیز سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے صدراحمدعظیم نے کمشنر سیسی اور ان کی ٹیم کا سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹریز آمد اور سمینار کے شرکاء کو سیسی سے متعلق مفید معلومات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ہمارا تعاون آپ کے ساتھ ہمیشہ سے ہے اور آئندہ بھی رہے گا اور ہم مل کر مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتے رہینگے۔
