علاقے میں جامع منصوبہ بندی کے تحت کام جاری ہے:چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن

علاقے میں جامع منصوبہ بندی کے تحت کام جاری ہے:چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن

کراچی: چیئرمین منگھو پیر ٹاؤن، حاجی نواز علی بروہی نے آج اللہ بچایو گوٹھ، یونین کمیٹی نمبر ۲ کا تفصیلی دورہ کیا اور علاقے میں جاری پیور بلاک کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی  نے مختلف گلیوں اور سڑکوں پر جاری کام کو قریب سے دیکھا اور عملے کو ہدایت دی کہ تعمیراتی معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے عوامی خدمت اور سہولت کی نیت سے مکمل کیے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیئرمین منگھو پیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ اللہ بچایو گوٹھ یو سی نمبر ۲ سمیت پورے ٹاؤن کے مسائل ان کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں برسوں سے موجود انفراسٹرکچر کی کمی کو پورا کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام جاری ہے، اور پیور بلاک کی تعمیر سے مقامی آبادی کو دیرپا سہولت میسر آئے گی۔ سڑکوں اور گلیوں کی بہتری کے نتیجے میں آمدورفت آسان ہوگی، بارشوں کے دوران پانی کے نکاس میں بہتری آئے گی اور عوام کو کیچڑ اور گندگی کے مسائل سے نجات ملے گی۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی  نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی قیادت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے منگھو پیر ٹاؤن کے ہر علاقے میں یکساں ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ہر منصوبے کی نگرانی کرتے ہیں اور جب تک وہ موقع پر کھڑے ہو کر کوالٹی چیک نہ کر لیں، کسی منصوبے کو مکمل تصور نہیں کیا جاتا۔ عوامی وسائل کو امانت سمجھا جاتا ہے اور اس امانت کا ایک ایک پیسہ شفاف انداز میں خرچ کیا جا رہا ہے۔

حاجی نواز علی بروہی نے مزید کہا کہ اللہ بچایو گوٹھ یو سی نمبر ۲ ایک پرانا اور اہم علاقہ ہے جہاں کی آبادی کو بنیادی سہولتوں کی شدید ضرورت تھی۔ پیور بلاک کی تنصیب سے نہ صرف علاقے کے باسیوں کو بہتر سہولتیں میسر آئیں گی بلکہ اس سے مقامی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ منگھو پیر ٹاؤن کے کسی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے۔

اس موقع پر انفارمیشن سیکرٹری ڈسٹرکٹ ویسٹ، علی اکبر کاچھیلو، یونس مینگل، شکور مینگل اور اعظم مینگل بھی چیئرمین کے ہمراہ موجود تھے۔ معائنہ کے دوران مقامی عوام اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور چیئرمین منگھو پیر ٹاؤن کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ عوام نے کہا کہ ماضی میں علاقے کو نظرانداز کیا گیا تھا لیکن موجودہ چیئرمین نے عملی اقدامات کے ذریعے عوامی اعتماد بحال کیا ہے۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف اور صرف عوامی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگھو پیر ٹاؤن کے باسیوں نے ہمیشہ ان پر اعتماد کیا ہے اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں مزید ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے، جن میں سڑکوں کی مزید تعمیر، سیوریج سسٹم کی بہتری، صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید فعال بنانا اور روشنی کے نظام کی اپگریڈیشن شامل ہے۔

چیئرمین نے واضح کیا کہ وہ عوامی خدمت کو سیاست نہیں بلکہ عبادت سمجھتے ہیں، اور ان کی تمام تر جدوجہد عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے وقف ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں