مومن آباد ٹاؤن میں چیئرمین کی ہدایت پررین ایمرجنسی سینٹر فعال
کراچی: مومن آباد ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان کی خصوصی ہدایت پر سید زین علی شاہ نے دورانِ برسات رات گئے تک مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ۔ میونسپل کمشنر اورنگی ٹاون اور بلدیاتی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے جو نکاسی آب، برساتی نالوں کی صفائی، کچرے کی فوری منتقلی اور متاثرہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں مصروف عمل رہے۔
سید زین علی شاہ نے کہا کہ مومن آباد ٹاؤن میں قائم رین ایمرجنسی سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں، جہاں عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں دن رات عوامی خدمت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی سینٹرز میں شکایتی سیل قائم ہیں جہاں شہری اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے ٹیمیں روانہ کی جا رہی ہیں۔
بعد ازاں سید زین علی شاہ نے میونسپل کمشنر اورنگی ٹاؤن آغا فہد سے انکے دفتر ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ذمہ داران نے برسات کے دوران عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے اور قریبی روابط قائم رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹاؤن اور ڈسٹرکٹ سطح پر باہمی تعاون کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا اور کسی بھی شکایت کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
سید زین علی شاہ نے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین ملک عارف اعوان کی واضح ہدایات ہیں کہ ریلیف کے تمام کاموں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو فوری سہولت پہنچانا ہی اولین ترجیح ہے۔
