بارش کے پیشہ نظر کراچی کی اہم شاہراہوں پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تعینات
بارشوں کے پیشِہ نظر ریسکیو 1122 سندھ کی ٹیموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا
کراچی: صوبائی وزیرِ بحالیات، مخدوم محبوب الزمان کی خصوصی ہدایت پر مون سون بارشوں کے پیشِ نظر شہریوں کی سہولت اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 سندھ کی ٹیموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔ اس کے تحت کراچی کے مختلف اہم مقامات پر ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
جاری بیان کے مطابق ریسکیو 1122 کا سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول مکمل طور پر فعال ہے اور شہر کے مختلف مقامات پر تعینات ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ تعیناتی کے مقامات میں ایئرپورٹ، نرسری، تین تلوار، میٹرو پول، میمن گوٹھ، ڈسٹرکٹ سینٹرل اور شاہراہِ فیصل شامل ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122، بریگیڈیئر ریٹائرڈ واجد صبغت اللہ مہر کی ہدایات کو بروۓ کار لاتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر ریسکیو 1122، ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ نے بھی مختلف تعیناتی کے مقامات کا دورہ کیا، ریسکیو 1122 کی ٹیموں سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا۔
ریسکیو اہلکار عوام کی رہنمائی، طبی امداد اور ہنگامی صورتحال میں ہر ممکن مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت رہنمائی اور امداد فراہم کی جا سکے۔
