منگھوپیر ٹاؤن میں 1500 واں جشنِ میلادالنبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا

کراچی: 12ربیع الاول، ولادتِ باسعادت سیدالانبیاء و المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا دن—جسے کائنات کی سب سے بڑی خوشی اور سب سے بڑی سعادت کہا جاتا ہے—اسی مناسبت سے منگھو پیر ٹاؤن میں عیدِ میلاد النبی ﷺ کے جلوس کا نہایت شان و شوکت سے انعقاد کیا گیا۔

یہ جلوس عقیدت و محبت کا عظیم مظہر تھا، ہر چہرہ رحمتِ دو جہاں ﷺ کے ذکر سے منور اور ہر دل عشقِ رسول ﷺ سے سرشار دکھائی دے رہا تھا۔

جلوس کا آغاز مائی گاڑی کے مزار سے ہوا، مختلف راستوں سے گزرتا ہوا خیرآباد پہنچا اور آخر میں ’امن  چوک‘ پر اختتام پذیر ہوا۔ راستے بھر چیئرمین کی ہدایت پر عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کیا گیا، جس نے فضاء کو خوشبودار اور روح پرور بنا دیا۔

اس بابرکت موقع پر چیئرمین منگھو پیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی بنفسِ نفیس موجود رہے۔ ان کے ہمراہ وائس چیئرمین رانا محمد عارف، ٹاؤن کے افسران، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران، پولیس اور رینجرز کے افسران و جوان بھی شریک تھے۔ انتظامات کے ہر پہلو کو یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے کامل ہم آہنگی کے ساتھ متحرک رہے۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے جلوس کے راستوں کا خود دورہ کیا۔ جہاں صفائی کی کمی محسوس ہوئی وہاں فوری طور پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے عملے کو ہدایات دے کر اضافی صفائی کرائی گئی۔ شرکائے جلوس کے لیے جگہ جگہ پانی کے چھڑکاؤ کا انتظام رکھا گیا تاکہ گرمی اور گرد و غبار کم رہے۔ مختلف مقامات پر عارضی ٹینٹ نصب کیے گئے جن میں بیٹھنے اور پینے کے پانی کی سہولت میسر تھی۔ اسی طرح راستوں کو برقی قمقموں، سبز جھنڈوں اور بینروں سے مزین کیا گیا تاکہ عاشقانِ رسول ﷺ کو ہر ممکن سہولت فراہم ہو۔

نعت خواں حضرات کے سوز و گداز سے لبریز کلام سے فضا معطر رہی، اور لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے نعروں نے ماحول کو ایمان افروز بنا دیا۔ بچے، جوان اور بزرگ ایک ہی صف میں جلوہ افروز تھے کوئی سبز پرچم تھامے ہوئے، کوئی درود و سلام پڑھتا ہوا، اور کوئی آنکھوں میں عقیدت کے آنسو لیے اپنے آقا ﷺ سے محبت کا اظہار کرتا دکھائی دیا۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ “یہ وہ دن ہے جب کائنات نورِ محمدی ﷺ سے جگمگا اٹھی۔ آج ہم سب یہاں جمع ہیں تاکہ اپنے آقا ﷺ کی ولادت کی خوشی کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائیں۔ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اس دن کو اخوت، بھائی چارے اور اتحاد کے ساتھ گزاریں۔ عاشقانِ رسول ﷺ کی خدمت ہمارے لیے سب سے بڑی سعادت ہے، اور منگھو پیر ٹاؤن کی انتظامیہ اس مقصد کے لیے ہمہ وقت حاضر ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور رینجرز کی جانب سے بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی، جس کے باعث شرکائے جلوس انتہائی سکون و اطمینان کے ساتھ اپنی عقیدتوں کا اظہار کر سکے۔ انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے عملے کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے صفائی و ستھرائی کے حوالے سے دن رات محنت کر کے راستوں کو خوشگوار اور قابلِ ستائش بنایا۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی جانب سے پوری راہ داری میں عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ یقینی بنایا گیا۔

جلوس کے اختتام پر علمائے کرام نے ولادتِ رسول ﷺ کے حوالے سے پُر اثر بیانات دیے، نعت خواں حضرات نے عقیدت سے نعتیں پیش کیں اور عوام نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کیے۔ منظر انتہائی روح پرور تھا؛ ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ ایک دل، ایک صدا اور ایک سمت میں اپنے نبی مکرم ﷺ سے محبت کا اظہار کرتے رہے۔

آخر میں چیئرمین نواز علی بروہی  نے کہا کہ ان شاءاللہ منگھو پیر ٹاؤن میں ہر سال عیدِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اس سے بھی بہتر انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عاشقانِ رسول ﷺ کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور سکون فراہم ہو سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں