جناح ٹاؤن کی جانب سے ٹرانس جینڈر پرسنز میں سلائی مشینیں تقسیم کی تقریب کا انعقاد

جناح ٹاؤن کی جانب سے ٹرانس جینڈر پرسنز میں سلائی مشینیں  تقسیم کی تقریب کا انعقاد

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح کے زیر اہتمام جناح ٹاؤن کے مرکزی دفتر میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے سلائی مشینوں کی تقسیم کی تقریب منعقد کی گئی۔

اس موقع پر چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسیمع  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب ایک منفرد احساس کے ساتھ ہے کیونکہ معاشرے کی وہ کمیونٹی جو اکثر نظرانداز کی جاتی ہے، آج ان کے باعزت روزگار کے سفر کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو عزت دار پیشے سے وابستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معاشرے میں یہ کمیونٹی ٹریفک سگنلز پر روزگار کمانے پر مجبور ہے جو انتہائی تکلیف دہ صورتحال ہے اسی لیے جناح ٹاؤن کونسل میں یہ تجویز پیش کی کہ اس کمیونٹی کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

چیئرمین رضوان عبد السمیع نے مزید کہا کہ کہ فوڈ پانڈا، بائیکیا اور دیگر آئیڈیاز زیر غور لائے گئے تاہم قانونی پیچیدگیوں اور تحفظ کے مسائل کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکا بعد ازاں کونسل ممبران کے تعاون سے 40 مستحق اور ہنر مند ٹرانس جینڈر افراد کا انتخاب کیا گیا اور ان کے لیے مارکیٹ کی بہترین کوالٹی کی سلائی مشینیں خریدی گئیں۔

چیئرمین رضوان عبدالسیمع نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف مشینیں دینا نہیں بلکہ ان کے لیے آرڈرز دلوانا اور عملی طور پر ان کے گھروں تک جا کر یقین دہانی کرنا ہے کہ یہ مشینیں بہتر روزگار کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امداد نہیں بلکہ روزگار دینے کے قائل ہیں تاکہ یہ کمیونٹی اپنے پیروں پر کھڑی ہو اور معاشرے کا باوقار حصہ بنے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ جناح ٹاؤن مستقبل میں بھی ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے مزید پروگرامز متعارف کرائے گا اور دکان داروں و صنعت کاروں کو پابند کیا جائے گا کہ اپنے آرڈرز کا کچھ حصہ اس کمیونٹی کو دیں تاکہ وہ معاشی خودمختاری حاصل کر سکیں۔

رکن کونسل جناح ٹاؤن سعدیہ چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلائی کڑھائی کے کام کرنے والے خواجہ سرا افراد کو عام طور پر 300 سے 500 روپے تک اجرت دی جاتی ہے جو ناکافی ہے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ نے تحقیق کی اور چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبدالسیمع کے تعاون سے اس اسکیم کی بنیاد رکھی گئی تاکہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو باعزت روزگار دیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام محض آغاز ہے، آج 40 افراد کو سلائی مشینیں فراہم کی گئی ہیں لیکن آئندہ مرحلے میں 150 سے 200 مزید سلائی مشینیں بھی تقسیم کی جائیں گی۔ سعدیہ چوہدری نے کہا کہ جناح ٹاؤن ہمیشہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتا آیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ آخر میں انہوں نے چیئرمین جناح ٹاؤن اور جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں