عاشقانِ رسُول ؐ کو خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے: محمد یوسف

عاشقانِ رسُول ؐ کو خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے: محمد یوسف

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کاٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ۔مساجد انتظامیہ،جلوس و محافل کمیٹی کے اراکین سے ملاقات۔12 ربیع الاوّل کے سلسلے میں علما ء کرام کی جانب سے توجہ طلب کاموں اور مقامات پرموجود مسائل کا بغور جائزہ لیا۔

اس موقع پرمحکمہ بی اینڈ آر کے آفیسر فیصل صغیر، ایکسین ایم اینڈای ندیم حیدر، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مُشتاق خان،ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے محمد ماجد ودیگرمتعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ گزشتہ روز نیو کراچی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے علما کرام،مساجد انتظامیہ،جلوس و محافل کمیٹی کے اراکین کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا جس میں جلوسوں اور اجتماعات کے دوران درپیش مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ آج ہم انہی مقامات کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔تاکہ جشن ِ عید میلادالنبیؐ کے مو موقع پر عاشقانِ رسُول ؐ کسی قسم کی پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹاؤن انتظامیہ ربیع الاوّ ل کی پہلی تاریخ سے ہی نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی، گڑھوں کی بھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و تبدیلی اور نکاسیِ آب جیسے تمام اُمور پر فوری اقدامات کر رہی ہے اورمسائل کے حل کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم جشن ِ ولادت ِ رسُول ؐ کے موقع پر ہر وہ سہولت فراہم کریں گے جو ہمارے دائرہ کار میں ہے اور اس میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔عید میلاد النبیؐ کے موقع پر عاشقانِ رسُول ؐ کی خدمت کرنا ہمارے لئے باعث شرف ہے،آقاء دو جہاں رسُول اکرم ؐ سے اظہار محبت کے لئے ٹاؤن انتظامیہ چورنگی پر چراغا کرے گی، نورانی عید گاہ گراؤنڈ میں ہونے والے بڑے اجتماع اور  5200  روڈ پر منعقد ہونے والی بچوں کی ریلی کے پیشِ نظر خصوصی انتظامات جاری ہیں۔ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے عملہ مسلسل کام کر رہا ہے جبکہ سڑکوں کی مرمت و استرکاری کا عمل بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین محمد یوسف نے واضح کیا کہ جلوسوں کے راستوں کو صاف ستھرا اور ہموار بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ 12  ربیع الاوّل کے دن عید میلادالنبیؐ  کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے نیو کراچی ٹاؤن کی انتظامیہ شب و روز کوشاں ہے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہے ہیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں