پاکستان رائٹرز گلڈ کو سندھ میں مزید فعال بنانے پر اتفاق

پاکستان رائٹرز گلڈ کو سندھ میں مزید فعال بنانے پر اتفاق

کراچی: پاکستان رائٹرز گلڈ جو ملک بھر کے ادیبوں، شاعروں، محققین اور تخلیق کاروں کا سب سے قدیم اور معتبر ادبی پلیٹ فارم ہے، گزشتہ کئی دہائیوں سے ادب و ثقافت کے فروغ اور مصنفین کے فکری و معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔

گلڈ نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے کے لیے سیمینارز، مذاکروں اور کتابوں کی رونمائیوں کا اہتمام کرتا رہا ہے بلکہ ادیبوں ومصنفین کی سماجی بہبود کے لیے بھی کئی فلاحی اقدامات اٹھا چکا ہے۔ سندھ میں اس ادارے نے ہمیشہ ادبی روایت کی پاسداری اور قلمکاروں کی نمائندگی کو اپنی ترجیح بنایا ہے تاکہ ادب کو معاشرتی شعور کی بیداری کا موثر ذریعہ بنایا جا سکے۔

اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر گزشتہ روز پاکستان رائٹرز گلڈ سندھ کی مجلس عاملہ کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت گلڈ کے اعزازی سیکریٹری احمد عمر شریف نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض گلڈ کے خازن شاھد محمود شاھد نے انجام دیے۔ اجلاس کا آغاز قاری وقار احمد کی تلاوتِ قرآن پاک اور نعت سے ہوا، جس کے بعد گلڈ کے سیکریٹری نے گلڈ کے دیرینہ رکن اور ممتاز ادیب عصمت علی کھتری کو اجلاس کی صدارت کے لیے نامزد کیا۔

گذشتہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

گلڈ کی نئی ممبر سازی، ادبی سرگرمیوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے، اور نوجوان قلمکاروں کو پلیٹ فارم مہیا کرنے جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔ مجلس عاملہ کے اراکین ناصر شمسی، ندیم ظفر صدیقی، غزالہ خالد، ڈاکٹر مسرور پیرزادو اور شاہدہ کنول نے اپنی آراءپیش کیں اور کئی قابل عمل تجاویز سامنے رکھیں۔

شرکاءنے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان رائٹرز گلڈ کو سندھ میں مزید فعال اور موثر بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی، فنڈ ریزنگ پر توجہ دی جائے گی اور آئندہ کے اہداف میںاعلیٰ ادبی تقریبات کا انعقاد، مصنفین کی تخلیقات کے اشاعتی منصوبے، کتابوں پر حسبِ روایت انعامات کا سلسلہ ، ادبی و تحقیقی کاموں کو فروغ دینے کے لیے ورکشاپس اور تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان رائٹرز گلڈ اپنی روایت کے مطابق ادب اور اہلِ قلم کے وقار کو بلند رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتا رہے گا، تاکہ قلم کی روشنی معاشرے میں علم، امن اور انصاف کا پیغام عام کر سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں