شہریوں کو مشکلات سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیح ہے:چیئرمین نصرت اللہ
کراچی: لنڈی کوتل چورنگی سے عائشہ منزل اور یاسین آباد تک کے ڈی اے کا نامکمل برساتی نالہ عوام کے لیے اذیت اور شدید مشکلات کا سبب بن گیا ہے۔ حالیہ بارشوں کے بعد نالے کے اطراف سڑکیں تباہ ہوگئیں جس کے باعث گاڑیاں دھنستنے کے واقعات پیش آئے اور شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ مون سون بارشوں کے دوران پیدا ہونے والی اس ہنگامی صورتحال کے پیش نظر گلبرگ ٹاؤن نے رین ایمرجنسی ریلیف اقدامات کا آغاز کیا اور فوری طور پر متاثرہ مقامات پر لینڈ فلنگ اور مرمتی کام شروع کروا دیا تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہو اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اکٹنگ یو سی چیئرمین سعید موسیٰ نے اس نامکمل منصوبے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال کو ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم اور کے ڈی اے کے کنٹریکٹر کے ساتھ شیئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ادھورے کام کی وجہ سے شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں شدید مشکلات اور حادثات کا باعث بن رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، نائب امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر سینیٹیشن وقار احمد اور ڈائریکٹر پارکس نے علاقے کا تفصیلی دورہ کیا اور ہنگامی بنیادوں پر ریلیف اقدامات کی نگرانی کی۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ’شہریوں کو مشکلات سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ یہ مسئلہ عارضی اقدامات سے حل نہیں ہوگا، سندھ حکومت فی الفور اس برساتی نالے کے منصوبے کو مکمل کرے تاکہ عوام کو مستقل بنیادوں پر ریلیف مل سکے۔’علاقے کے مکینوں نے گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کے فوری اقدامات کو سراہا اور زور دیا کہ سندھ حکومت جلد از جلد برساتی نالے کے منصوبے کو مکمل کرے تاکہ آئندہ شہریوں کو بارشوں کے دوران مشکلات اور حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
